پاکستان کرکٹ کے نظام کو پروفیشنل بنائینگے -وسیم خان
دبئی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم گلزار خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے نظام کو پروفیشنل بنائینگے ، جس میں سزا اور جزا ہوگی ،غلط کام کرنے والوں کو احتساب سے گزرنا ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میڈیا پر بیٹھے ہوئے پنڈت اپنا کام کررہے ہیں مجھے اپنا کام کرنا ہے لہٰذا تعمیری تنقید کا خیر مقدم کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اصل کرکٹ ٹیسٹ کرکٹ ہے، اس فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کو اوپر لانے کیلئے اقدامات کریں گے اور میرے باریمیں یہ تاثر غلط ہے کہ مجھے پاکستانی کلچر کے بارے میں کچھ پتہ نہیں ہے، میں سب جانتا ہوں اور وزیر اعظم عمران خان کے وڑن سے متاثر ہوکر اپنے آبائی ملک میں کام کرنا چاہتا ہوں۔وسیم خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ ایک بار پاکستان کرکٹ کے موجودہ سسٹم کو سمجھ لیں گے جس کے بعد بہتری لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے اور پی سی بی سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے قانونی کور دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے اور پاکستان کرکٹ کو راہ راست پر لانے کیلئے ایک بڑے پلان پر کام کررہے ہیں۔ایک سوال پر وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی کئی کامیابیوں کے باوجود نظام میں خامیاں ہیں، اچھی پچز، گیندوں کی کوالٹی اور امپائرنگ کے معیار سمیت کئی چیزوں میں بہتری لائیں گے۔
٭٭٭٭٭