پی ایس ایل سے متعارف ہونا فخر ہے – حسن علی
لاہور(خبر ایجنسی )پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ انہوں نے پی ایس ایل کے پلیٹ فارم سے دنیائے کرکٹ میں اپنے قدم جمائے ہیں اور انہیں فخر ہے کہ وہ پی ایس ایل کی پیداوار ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جب انہوں نے پی ایس ایل میں حصہ لیا تو وہ ناتجربہ کار بولر تھے لیکن پی ایس ایل کھیل کر انہیں بولنگ کا بہترین تجربہ حاصل ہوا جس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوا اور وہ دنیائے کرکٹ میں اپنے ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل میں جب پہلی بار انہوں نے پریس کانفرنس کی تھی تو وہ نروس اور ڈرے ہوئے تھے لیکن گزشتہ تین سالوں میں کرکٹ میں بلندی کا سفر جاری رکھا مجھے اللہ کے فضل سے بہت عزت اور شہرت ملی جس پر اپنے رب کا شکر گزار ہوں جبکہ میرے اچھے بولر بننے میں میری سخت محنت، ٹیم مینجمنٹ اور پی سی بی کے اعتماد کا ہاتھ ہے۔ حسن علی نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی طرف سے 3 میچوں میں صرف 2 وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد اکرم اور اس وقت پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفرید ی نے حسن علی کے اندر ایک اچھے بولر کو تلاش کرلیا تھا۔ محمد اکرم نے تسلیم کیا کہ حسن علی نے کرکٹ میں اپنے جنون اور جذبہ سے انہیں متاثر کیا، ہم نے اسے اپنی پرفارمنس کے اظہار کا موقع دیا اور اس نے اپنی سخت محنت سے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا۔