ٹم ساؤتھی نے بنگالی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی
ڈونیڈن(امت نیوز) ٹم ساؤتھی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں با آسانی 88 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، کیویز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے، روز ٹیلر، ہنری نیکولز اور ٹام لیتھم نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 48ویں اوور میں 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، صابر رحمان کے سوا بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، صابر رحمان نے ٹیم کو کامیابی دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی لیکن ان کی سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، وہ 102 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، ساؤتھی نے6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ساؤتھی میچ اور مارٹن گپٹل سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو ڈونیڈن میں کھیلے گئے آخری ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کیویز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، روز ٹیلر 69،ہنری نیکولز 64،کپتان ٹام لیتھم 59رنز بنا کر نمایاں رہے، مارٹن گپٹل 29،کولن منرو 8اور جیمز نیشم 37رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کولن ڈی گرینڈ ہوم 37 اور مچل سینٹنر 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مستفیض الرحمان نے 2 جبکہ مشرفی، روبیل حسین، محمد سیف الدین اور مہدی حسن میراز نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 47.2 اوورز میں 242 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 61 کے سکور پر اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے، تمیم اقبال اور سومیا سرکار بغیر کوئی رن بنائے، لٹن داس 1، مشفق الرحیم 17 اور محموداللہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر صابر رحمان اور محمد سیف الدین نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں101قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 162تک پہنچا دیا، یہ پارٹنرشپ کیویز کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر ٹرینٹ بولٹ نے سیف الدین کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 44 رنز بنائے، کپتان مشرفی 2 رنز بنا سکے، اس کے بعد مہدی حسن میراز نے صابر رحمان کا ساتھ دینے کی کوشش کی لیکن 237 کے سکور پر ساؤتھی نے مہدی حسن کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا، انہوں نے 37 رنز بنائے، روبیل حسین 3 رنز بنا کر چلتے بنے، 242کے سکور پر بنگلہ دیش کی آخری وکٹ گری جب صابر رحمان جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے۔