بھارت کھیلوں کے پاکستانی شوٹرز سے بھی خوفزدہ
نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک) پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شوٹرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا جس پر کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے بھارت پر پابندی لگانے کا عندیہ دے دیا۔2 پاکستانی شوٹرز جی ایم بشیر اور خلیل احمد اور ان کے منیجرز کو ایونٹ میں شرکت کرنا تھی لیکن وہ گزشتہ روز ایونٹ کی رسمی کارروائیوں کے لیے بھارت نہیں پہنچے۔انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن نے بھارت کو اس اقدام کے خطرناک نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت میں ہونے والے شوٹنگ ورلڈ کپ کی صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے جہاں ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستانی ایتھلیٹس کو انٹری ویزا جاری نہیں کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ فیڈریشن اور انڈین انتظامی کمیٹی پاکستانی ٹیم کو امتیازی سلوک سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے کہا کہ ہم نے بھارت کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا تو انہیں اس کے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
٭٭٭٭٭