بھارت نے ایل او سی کے قریب دیہات خالی کرانے کے احکامات دےدیئے

0

محمد زبیر خان
بھارتی حکومت نے لائن آف کنٹرول کے قریب دیہات خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر سے ’’امت‘‘ کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق گزشتہ روز (اتوار کو) بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور ٹینک کنٹرول لائن کی طرف بڑھتے دیکھے گئے ہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کا دعویٰ ہے کہ وہ بھارتی قیادت کی جانب سے خیر سگالی اور مثبت پیغامات لے کر پاکستان لوٹے ہیں۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی دعوت پر کلچر شو میں شرکت کیلئے گئے تھے اور بھارت جانے سے پہلے پاکستانی وزارت خارجہ سے بریفنگ بھی لی تھی۔
بھارت کا دورہ کرکے واپس آنے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کا دعویٰ ہے کہ وہ بھارتی قیادت کی جانب سے خیر سگالی اور مثبت پیغامات لے کر آئے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیاں تناؤ کم ہو چکا ہے۔ رمیش کمار نے ’’امت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورہ بھارت کے دوران بھارتی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں ان کو پاکستانی قیادت کی جانب سے پیغامات دیئے گئے۔ رمیش کمار نے پاکستانی قیادت کی جانب سے دیئے جانے والے پیغامات پر بات نہیں کی، تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ اس دورے پر جانے سے قبل وزارت خارجہ سے مکمل بریفنگ لی تھی اور اس بریفنگ کی روشنی ہی میں انہوں نے بھارتی قیادت سے بات کی۔ رمیش کمار کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی مثبت رہی ہیں اور ان ملاقاتوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کم ہوا ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا ’’میں نے بھارتی قیادت کو بتایا ہے کہ پاکستان اب نیا پاکستان ہے۔ اس کی قیادت اپنے وعدوں کی پابند ہے۔ پاکستان کی سرزمین کسی بھی دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہوگی اور نہ ہی پاکستان دہشت گردی کو سپورٹ کرتا ہے۔ بلکہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ اور پاکستان حکومت کا عزم ہے کہ وہ دہشت گردی کو ختم کرنے کی جنگ جاری رکھے گی‘‘۔ رمیش کمار کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بھارتی قیادت سے یہ بھی گزارش کی کہ بھارتی سرزمین کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے بھارتی قیادت کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان کی سرزمین بھارت کے خلاف استعمال نہیں ہوتی۔ ایک اور سوال پر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں سے بہت زیادہ مطمئن ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیاں حقیقی تناؤ کم ہو چکا ہے اور حالات معمول کی طرف جارہے ہیں۔ وہ سوموار کو پاکستانی قیادت کو اپنے دورے سے متعلق مکمل بریفنگ دیں گے اور بھارتی پیغامات پہنچائیں گے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق بھارتی جنگی جنون میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے نیوز پورٹل رائزنگ کشمیر کی اطلاع کے مطابق بھارت نے پیرا ملٹری فورس کی مزید ایک سو کمپنیاں مقبوضہ کشمیر میں طلب کرلی ہیں۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور ٹینک کنٹرول لائن کی بڑھتے دیکھے گئے ہیں۔ بھارت نے ایل او سی کے قریب دیہات خالی کرانے کے احکامات بھی دے دیئے ہیں۔ ہندوستان ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی حکومت اور فوج نے لائن آف کنٹرول کے نوشہرہ سیکٹر جموں و کشمیر پر 27 دیہات خالی کرانے کے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راجوری ضلع کے ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز اسد نے علاقے کا دورہ کیا اور علاقے خالی کرانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جریدے میں محمد اعجازکے حوالے سے بتایا گیا کہ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ کیمپس قائم کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے۔ تاہم مقامی لوگوں کی جانب سے علاقہ خالی کرنے پر مزاحمت کا اندیشہ ہے۔ ادھر پاکستان کی جانب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کنٹرول لائن پر پاک فوج ہائی الرٹ ہے اور توپ خانہ سمیت تمام اسلحہ پہلے ہی کنٹرول لائن پر موجود ہے۔ تمام سرحدوں کی سخت ترین نگرانی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں سخت ترین کریک ڈائون کے باوجود بھارتی پولیس اور فوج کے نقصان کا سلسلہ جاری ہے۔ ہندوستان ٹائمز ہی کی رپورٹ کے مطابق گلگام ضلع میں حریت پسندوں سے مقابلے میں پولیس کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ امان ٹھاکر مارا گیا ہے۔ جبکہ ایک اور جھڑپ میں انڈین فوج کے میجر سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More