افغان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کے کئی عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے
دہرہ ڈون (امت نیوز) افغانستان کی ٹیم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑے مجموعے اور اننگز میں زیادہ چھکوں کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ افغانی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز کا ریکارڈ ہدف بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا، یہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا اننگز میں سب سے بڑا سکور ہے، اس سے قبل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اننگز میں بڑا سکور بنانے کا عالمی اعزاز آسٹریلیا کے پاس تھا جس نے 2016ء میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 3 وکٹوں پر 263 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ افغانی ٹیم نے اننگز میں زیادہ چھکوں کا ویسٹ انڈین ٹیم کا عالمی ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی، افغانی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف اننگز میں 22 چھکے لگا کر یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا، ویسٹ انڈین ٹیم نے 2016ء میں بھارت کے خلاف میچ میں 21 چھکے لگائے تھے۔
٭٭٭٭٭