’’ملک و قو م کیلئے جان بھی حاضر ہے‘‘

0

لاہور (اے پی پی) پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان ایئر فورس کے سابق جے سی او ،سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے بھی اپنی خدمات پاکستان ایئر فورس کو پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کے لئے میری جان بھی حاضر ہے ۔قومی ہیرو جان شیر خان نے محب وطن ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ایک بیان میں اپنی ہر طرح کی خدمت ملک و قوم کے لیے پیش کرنے کی خواہش کا اظہار کرئے ہوئے کہا کہ میں پاکستان ایئر فورس میں JCO کے طور پر پہلے بھی اپنی خدمات سرانجام دیتا رہا ہوں اور مسلسل دس سال تک سکواش کے میدان میں نمبر1 کی پوزیشن برقرار رکھ کر میں نے پاکستان ایئر فورس اور اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے جس پر مجھے فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان ایئر فورس اور ملک کو میری ضرورت درپیش ہوئی تو میں دل و جان سے حاضر ہوں اور پاکستان کی حفاظت کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہادوں گا کیونکہ مجھے ملک و قوم نے بہت عزت سے نوازا ہے اور اپنے ملک ہی کی وجہ سے دنیا میں میری پہچان بنی ہے۔ اگر میں اپنے ملک و قوم کے کام آ سکوں تو یہ میرے خوش قسمتی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پر امن ملک ہے جو اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن اور بھائی چارے سے رہنے پر یقین رکھتا ہے لیکن اگر ملکی سالمیت کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پھر اپنا دفاع کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتا ہے جس طرح بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر دشمن کے دانت کھٹے کیے ہیں۔ جان شیر خان نے کہا ہے کہ بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں کیونکہ اُسکی شر انگیزی سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کوناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔بھارت کو امن قائم رکھتے ہوئے مل بیٹھ کر تمام اختلافات حل کرنے کی پاکستانی خواہش کا احترام کرنا چاہیے اس میں ہی پورے خطے اور لوگوں کی بقاء ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More