پاکستان میں میچز کے دوران شائقین کے لئے ’’سپر سرپرائز ‘‘ تیار

0

ندیم بلوچ
حکومت اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پی ایس ایل فور کی ملک میں تیاریاں زور پکڑ چکی ہیں۔ اس بار پاکستان میں میچز کے دوران شائقین کیلئے ’’سپر سرپرائز‘‘ تیار کیا گیا ہے۔ جبکہ دو شہروں میں سپر لیگ کے آٹھ روزہ میلے میں قومی جذبے کو خوب اجاگر کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس تناظر میں بھارتی دراندازی کا منہ توڑ جواب دینے والی پاک افواج کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ضمن میں سپر لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز تماشائیوں سے اسٹیڈیم قومی پرچم لانے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی لیگ سے مخلص اور محبت کرنے والے غیر ملکی کھلاڑی بھی ہرصورت آنے کیلئے آمادہ ہوگئے ہیں۔ تاہم ٹیم مالکان نے نہ آنے والوں کے نخرے نہ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسی طرح دونوں وینوز کو دلہن کی طرح سجانے کا کام زور و شور سے جاری ہے ۔ پی ایس ایل پاور شو میچز کے دوران ہیلی کاپٹرز اورجیٹ طیاروں کی گن گرج دور دراز سنائی دے گی۔
پاکستان میں سپر لیگ سیزن فور کے آغاز میں اب صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں۔جہاں سیکورٹی اداروں اور پی سی بی نے ایونٹ کی کامیابی کیلئے موثر ترین میکیزم تیار کرلیا ہے، وہیں اسی ایونٹ کے ذریعے دنیا بھر پاکستان کے متحد قوم ہونے کا پیغام اور ثبوت بھی پیش کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پی سی بی سے معلومات موصول ہوئیں ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں سمیت پاک فوج بھی اس یونٹ کو تاریخی بنانے کیلئے اپنی تمام تر قوت بروکار لانے کیلئے تیارہے۔ اس ایونٹ میں ایل او سی میں شہید ہونے والے فوجی جوان اور بھارتی دراندازی کا منہ توڑ جواب دینے والی پاک افواج کو خصوصی خراج تحسین پیش کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور اور کراچی پی ایس ایل میچز کے دوران ایئر شو کا اہتمام کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ کراچی میں شیڈول پی ایس ایل فائنل میچ کے شروعات سے قبل ایف 16 سمیت پاکستان ایئر فورس کے جدید جیٹ طیاروں کی فضائی پریڈ کی توقع کی جارہی ہے۔ فائنل میچ سے قبل جیٹ طیاروں کی اسی گن گرج کے دوران اسٹیڈیم میں سائونڈ سسٹم اور شائقین کے ذریعے نعرہ تکبر کی صدائیں بلند کرنے کا پروگرام تیار کیا گیا ہے۔دونوں اسٹیڈیمز کی نگرانی کیلئے دو دو ہیلی کاپٹرز مسلسل پرواز پر ہوں گے۔ جبکہ تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں پوری حاضری سمیت اپنے ساتھ قومی پرچم لانے کی اپیل بھی کی جائے گی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر کے ذریعے شائیقن کو پی ایس ایل فور کامیاب بنانے کی اپیل بھی کی جائے گی۔ جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اس حوالے سے مہم کا آغاز پیر کے روز سے کرے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے بھارت کے دو طیارے تباہ کرنے والے پاکستانی نوجوان پائلٹ حسن صدیقی کو بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کا پروگرام بھی تیار کیا ہے۔ لیکن کہا جارہا ہے کہ ملک میں ہائی الرٹ ہونے کے باعث ان کی شرکت شاید ممکن نہ ہوسکے۔ اسی طرح پیر تک کراچی اور لاہور اسٹیڈیم سے منسلک شاہراہوں پر بڑے پیمانے پر قومی پرچم لگائے جائیں گے۔ دونوں میزبان شہروں کو دیو ہیکل پوسٹرز اور نیون لائٹس کے ذریعے سجانے کا عمل تیز ہوچکا ہے۔ ادھر پی سی بی پرامید ہے کہ کراچی اور لاہور میں شیڈول تمام میچز میں اسٹیڈیم تماشائیوں سے فل پیک ہوگا۔ کیونکہ ان میچز کے 90 فیصد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ پی ایس ایل فور کی اختتامی تقریب میں بھی پاک افواج کو خصوصی خراج عقیدت پیش کی جائے گی اور آتش بازی کا اہمتام بھی تاریخی کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کیلئے کھلاڑیوں کو دبئی سے کراچی اور لاہور پہنچانے کیلئے چارٹرڈ فلائٹ کا بھی انتظام کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر کسی وجہ سے کمرشل فلائٹ دستیاب نہ ہوئی تو کھلاڑیوں، آفیشلز اور فرنچائز مالکان اور ان کے مہمانوں کیلئے چارٹرڈ جہاز کا انتظام کیا جائے گا۔ لاجسٹک کے معاملات پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی گہری نظر اور متعلقہ حکام سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہے۔ پی ایس ایل کی تمام چھ ٹیموں کے غیرملکی کھلاڑی جنہوں نے پہلے سے پاکستان میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کررکھی تھی وہ اب بھی پاکستان جانے کیلئے تیار ہیں۔ تاہم اے بی ڈی ویلیئرز،7 میچز کھیلنے کا معاہدہ پورا کرنے کے بعد وطن واپس چلے گئے۔ اس حوالے سے اطلاعات ملی ہیں کہ وہ لاہور میں مزید2 میچز کھیلنے کیلئے لاہور قلندرز کو زبان دے چکے ہیں۔ پی سی بی اور فرنچائزکے اصرار پر انھوں نے لاہور میں 2 میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔ اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن نے اس بار بھی انتظامیہ کو جھنڈی دکھادی ہے۔ جبکہ تین چار اور غیر ملکی کھلاڑی ایسے ہیں جو اب بھی اپنے فیصلے سے بورڈ کو آگاہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ مزید کسی غیر ملکی کھلاڑی کے نخرے اٹھانے کیلئے تیار نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین ہے کہ چند غیر ملکی اگر نہ بھی آئے تو میگا ایونٹ کامیاب ہی ثابت ہوگا۔ دریں اثنانیشنل سٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل فور کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں ہیں۔ اس گرائونڈ میں شمسی توانائی سے چلنے والی گھڑی بھی پہلی بار کسی کرکٹ گرائونڈ میں لگائی جا رہی ہے۔ وی آئی پی انکلوژر اور جنرل اسٹینڈز میں کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔ رنگ و روغن مکمل، جبکہ چھتیں لگانے کا کام بھی اسی فیصد تک نمٹا دیا گیا۔ ادھر پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان سپر لیگ کو گرین سگنل دیدیا ہے۔ پی سی بی کو یقن دلایا گیا ہے کہ لیگ میچز کے دوران کوئی بھی جارحیت کا امکان نہیں۔ کیونکہ بھارت اگر پاکستان کی لیگ پر حاوی ہونے کی کوشش کرے گا تو اس کو بھی آئی پی ایل میں جواب دیا جاسکتا ہے۔ اگر بھارت سیز فائر کا اعلان نہیں کرے گا تو لیگ میں شامل غیر ملکی کرکٹرز کبھی بھارت کا رخ نہیں کریں گے۔ ادھر دہلی سرکار اپریل مئی میں ہونے والے عام انتخاب میں ممکنہ دہشت گردی کا الرٹ جاری کرچکی ہے۔ جس کی وجہ سے آئی پی ایل انتظامیہ آدھا ایونٹ جنوبی افریقہ منتقل کرسکتی ہے۔ تاہم یہ خدشہ بھی ہے کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ جنگی صورتحال جاری رکھی تو پوری بھارتی لیگ جنوبی افریقہ میں کرانی پڑ سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ فور میں لاہور اور کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات ممکن بنانے کے حوالے سے پنجاب اور سندھ حکومتوں نے قانون نافذ کرنے والے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر پلاننگ تیار کرلی ہے۔ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو صدارتی سیکورٹی دی جائے گی۔ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کے مین دروازوں پر پاک فوج کے جوان سیکورٹی پر تعینات ہوں گے۔ پاک فوج کے علاوہ رینجرز، پولیس، اسپیشل کمانڈوز کے ساتھ ریسکیو 1122 کا عملہ بھی اپنی فرائض سر انجام دے گا۔ جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار اسٹیڈیم کی اندر جانے والی گاڑیوں کی تلاشی لے گا۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسٹیڈیم کے باہر موبائل اسپتال بھی بنائیں جائیں گے، جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہو گا۔ فائر بریگیڈ اور ایمبولینس بھی اسٹیڈیم کے باہر موجود ہوں گی۔ کھلاڑیوں کے ہوٹلز اور اسٹیڈیمز تک روٹ پر خصوصی لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میں کھیلے جانے والے میچز کیلئے پندرہ ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار اسٹیڈیم، اطراف کے علاقوں، کھلاڑیوں کے ہوٹل اور روٹ پر تعینات ہوںگے۔ جبکہ سیف سٹی اتھارٹی کے تین سو کیمروں کے ساتھ اضافی کیمروں سے بھی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ دو ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی کریں گے جبکہ ٹیموں کی پریکٹس اور میچز کے دوران ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔ سول سیکرٹریٹ، ڈی سی، ڈی آئی جی اور نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں موجود پنجاب اسپورٹس بورڈ کے دفاتر میں مانیٹرنگ رومز قائم کئے جائیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اطراف کے علاقوں میں سخت ترین سیکورٹی حصار قائم کیا جائے گا۔ پولیس کے اسپیشل کمانڈوز ایمرجنسی الارم بجتے ہی تین منٹ میں اسٹیڈیم کے اندر پہنچ جائیں گے۔ پولیس کے جوان اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سرویلنس پر موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ اسپیشل سیکورٹی یونٹ کی طرف سے سیکورٹی فول پروف بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کئے جائیں گے۔ دونوں اسٹیڈیمز میں موجود ڈریسنگ رومز میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ بجلی بند ہونے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے متبادل روشنی کیلئے ہیوی ویٹ جنریٹرز بھی موجود ہوں گے۔ میچز دیکھنے اسٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کیلئے کھانے پینے کے خصوصی اسٹالز لگائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نشتر پارک کے پورے علاقے میں عام شہریوں کی آمد و رفت اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود عمارتوں، مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس بھی میچز شروع ہونے سے تین دن پہلے بند کردیئے جائیں گے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دونوں اسٹیڈیمز کے اطراف میں موجود مارکیٹوں، ریسٹورنٹس کے مالکان اور ملازمین سمیت عمارتوں کے رہائشیوں کا ریکارڈ بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More