ندیم بلوچ
شہر قائد کا سپوت سرفراز احمد کراچی کنگز کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔ اس میچ میں جہاں کراچی کنگز کو ہوم کرائوڈ کا ایڈوانٹج حاصل ہے، ویہی کپتان سرفراز کے گلیڈی ایٹرز کو تماشائیوں کی پھرپور سپورٹ ملنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب بکیوں اور ماہرین کی جانب سے سنڈے کریکر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فیورٹ کا بھی درجہ دیا گیا ہے۔ اس میچ میں 12 برس بعد پاکستان آنے والے آسٹریلوی شہرہ آفاق آل رائونڈر شین واٹسن خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ یوں ایونٹ کی ہاٹ فیورٹ ٹیم کے خلاف کراچی کنگز کو پلے آف تک پشقدمی جاری رکھنے کیلئے ہرصورت جیت درکار ہوگی۔ ادھر والدہ کے انتقال پر سوگوار فاسٹ بالر کو محمد عامر ہنگامی بنیادوں پر طلب کرلیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آج شام سات بجے پی ایس ایل میں گھمسان کی جنگ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم فل پیک ہوگا۔
’’امت‘‘ کو دستیاب اطلاعات کے مطابق پہلے رائونڈ میں شکست کا بدلہ لینے کیلئے کوئٹہ کے گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے شیروں کو نکیل ڈالنے کی پوری تیاری کر رکھی ہے۔ اس میچ میں خصوصی توجہ کا مرکز سرفراز احمد بنے ہوئے ہیں جو پی سی بی کی جانب سے بلاوجہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے پر خاصے مشتعل دکھائی دے رہے ہیں۔ انہیں گزشتہ روز اختلافات کے سبب پریس کانفرنس کرنے سے بھی روکا گیا تھا۔ تاکہ وہ اپنی بھڑاس نہ نکال سکیں۔ اب انہیں اپنا ردعمل پی سی بی کی لاڈلی ٹیم کراچی کنگز کے خلاف دکھانے کا موقع مل گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہیں اور شکست کے باوجود ان کی پلے آف میں رسائی میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ کی جانب سے اطلاعات ملی ہیں کہ کراچی کنگز کو پوری قوت سے کچلنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس سے قبل کراچی کنگز کے بیٹسمین کولن انگرام نے سنچری داغ کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے یقینی جیت چھین لی تھی۔ اب حساب برابر کرنے کیلئے سرفراز احمد بے تاب ہیں۔ اس ہائی والٹیج میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بڑے پیمانے پرسپورٹرز کی آمد متوقع ہے اور سرفراز اپنے شہر میں کوئٹہ ٹیم کی بالادستی کیلئے پرعزم ہیں۔ اس حوالے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم صرف اپنی نئی وردی میں نہیں بلکہ کارکردگی میں بھی بالکل مختلف نظر آئی گی۔ آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن اس وقت بھر پور فارم میں ہیں، ان کے کراچی آنے سے امید ہے کہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل جیت سکتے ہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے پریس کانفرنس نہ کرانا ٹیم مینجمنٹ کا فیصلہ تھا، پلان ضرور ہے جو کہ گراونڈ میں دکھے گا اور خاص گیم پلان صرف جیت پر نظر آتا ہے، ہار پر کسی کو گیم پلان نہیں دکھتا۔ معین خان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان عمر اکمل اور احمد شہزاد کے ٹیلنٹ سے واقف ہے، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو مستقبل میں موقع ملا تو ضرور پرفارم کریں گے جبکہ ٹیم میں محمد اصغر کی جگہ نہیں بنتی، محمد نواز اچھی بالنگ کر رہے ہیں، کراچی کی پچز اچھی ہیں، امید ہے ہائی اسکورنگ میچ ہوگا۔ انہوں نے آج کے میچ کے حوالے سے بتایا کہ کراچی کنگز بلاشبہ مضبوط اسکواڈ ہے۔ لیکن انہیں قابو کرنے کیلئے پلان تیار کرلیا گیا ہے۔سر ویوین رچرڈز کی موجودگی میں اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ واضح رہے کہ 2016 سے لیکر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں سے کراچی کنگز نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچ میچوں میں میدان مار چکے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے اسکواڈ کا جائزہ کیا جائے تو ماضی کے برعکس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اس وقت ایونٹ کی سب سے مضبوط ترین ٹیم دکھائی دے رہی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک پی ایس ایل سیزن فور میں 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جن میں سے دو میں ناکامی اور ساتھ میچوں میں فتح حاصل کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کا جائزہ لیا جائے تو پی ایس ایل کی تاریخ میں شین واٹسن ایک ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ جبکہ رواں ایونٹ میں 332 رنز کے ساتھ وہ ٹاپ اسکورر بھی ہیں۔ انہیں کراچی میں میچز کھیلنے کیلئے ٹیم مالک ندیم عمر نے 2 لاکھ ڈالر اضافی بھی دیئے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دوسرے اہم اسٹرائیکر شہرہ آفاق ویسٹ انڈین آل رائونڈر براوو ہیں، جو ٹی ٹوئنٹی کے اسیپشلسٹ کے طور پر پہنچانے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ریلی روسوو بھی اپنے پاور شو کے سبب خاصے مقبول ہیں۔ جبکہ عمر اکمل اس ایونٹ میں مکمل طور پر فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر بیٹنگ سلاٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سرفراز احمد، احمد شہزاد، اور محمد نواز کی خدمات میسر ہیں۔ اسی طرح بالنگ کے شعبے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس اس ایونٹ میں سب سے تیز بالنگ کرانے کا اعزاز حاصل کرنے والے نوجوان پیسر محمد حسنین موجود ہیں۔ دوسری جانب کراچی کنگز کے بھی تمام غیر ملکی کھلاڑی اہم مقابلے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔ لیکن اس ٹیم کی قیادت غیر تجربہ اسپنر عماد ویسم کے ہاتھ میں ہے۔ کراچی کنگز کیلئے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پلے آف سے قبل اس ٹیم کو اپنے دونوں میچ ہرصورت جیتنا ہوں گے۔ اگر ایک میچ بھی ہارا تو دوسری ٹیم کی پرفارمنس پر انحصار کرنا پڑ جائے گا۔ لاہور قلندرز کی طرح کراچی کنگز کو بھی پی ایس ایل میں سب سے زیادہ ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل کی چار سالہ ریکارڈ بک کے مطابق22 ،22 شکستیں کھا چکی ہے۔ لیکن اس ٹیم میں چند کھلاڑی ایسے ہیں جو بساط کسی بھی وقت پلٹنے کی صلاحیتوں سے لیس ہیں۔ ان میں ایک انگلش بیٹسمین کولن انگرام ہیں۔ جنہیں رواں ایونٹ میں پہلی دھواں دار سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ جبکہ دوسرے اہم ترین اسٹرائیکر بابر اعظم ہیں۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے شہرہ آفاق بیٹسمین کولن منرو بھی حریف بالرز کے دانت کھٹے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اور لیونگ اسٹین بھی رواں ایڈیشن میں ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح بالنگ کے ڈیپارٹمنٹ میں فاسٹ بالر محمد عامر سرفہرست ہیں، جو قومی ٹیم کے بھی ٹرمپ کارڈ بالر ہیں۔ جبکہ دیگر میں عثمان شنواری، عماد وسیم، عامر یامین شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کنگز کے فاسٹ بالر محمد عامر نے آج نیشنل اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ سے قبل کراچی کنگز کے اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔ پیسر اپنی والدہ کی انتقال کے باعث 4 مارچ کو ہی دبئی سے پاکستان واپس آ گئے تھے اور یو اے ای میں کراچی کنگز کے آخری لیگ میچ میں ٹیم ان کے بغیر ہی ملتان سلطانز کے خلاف میدان میں اتری۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز کے لیگ مرحلے کے 2 میچ باقی ہیں، اسے پہلے مقابلے میں اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دوسرے میں پیر کو پشاور زلمی کا چیلنج درپیش ہوگا۔دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں پوائنٹس ٹیبل پر اب بہت دلچسپ صورتحال ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کا ایونٹ سے قصہ ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اب تک پلے آف مرحلے کیلئے 2 ٹاپ ٹیمیں فائنل ہوگئیں اور اب تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے دو ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے۔ملتان سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے سے باہر ہوگئے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی نے پلے آف کیلئے رسائی حاصل کرلی۔اسلام آباد میں جگہ بناگئی ہے۔ اب فیصلہ صرف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے قسمت کا ہونا باقی ہے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دیکر 10 پوائنٹس مکمل کرلئے ہیں۔جبکہ لاہور قلندرز کو اگر پلے آف کی دوڑ میں اِن رہنا ہے تو ملتان سلطانز سے آخری میچ جیتنا ہوگا اور یہ بھی دعا کرنا ہوگی کہ کراچی کنگز اپنے اگلے دونوں ٹاکروں میں ناکام ہو تاکہ چوتھی پوزیشن کا فیصلہ اس کے اور کراچی کنگز کے درمیان نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہو۔ادھر بکیوں نے آج کے میچ کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حق میں ریٹ کھول دیئے ہیں۔ جس کے تحت آج کوئٹہ اگلیڈی ایٹرز کا بھائو 1.20 پیسہ جبکہ کراچی کنگز کا ریٹ 1.55 پیسہ رکھا گیا ہے۔ ماہرین نے بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کی پیش گوئی کی ہے۔ اس حوالے سے سابق لیجنڈ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کراچی میں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ ویوین رچرڈز کی ڈاگ آئوٹ میں موجودگی کراچی کنگز کیلئے خطرناک ہے۔
٭٭٭٭٭
Prev Post