علی مسعود اعظمی
سعودی عرب کے معروف شہر الخبر میں بروز ہفتہ 23 مارچ کو ’’کلر ڈے‘‘ کے نام پر ہندوانہ تہوار ہولی کا انعقاد کیا گیا۔ ایونٹ کی سرپرستی سعودی ادارہ تفریحات نے کی تھی اور اسپانسر شپ کیلئے سن سلک شیمپو کمپنی نے اپنی خدمات فراہم کیں۔ سعودی ادارہ تفریحات کا دعویٰ تھا کہ یہ تقریب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030ء کے تحت منعقد کی گئی ہے۔ عالمی و سعودی میڈیا کے مطابق الخبر میں دس ہزار سے زائد بھارتی و نیپالی ہندوئوں کے علاوہ بڑی تعداد میں سعودی مرد و خواتین نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ایک دوسرے پر رنگوں کی پچکاریاں ماریں اور گلال کا چھڑکائو کیا۔ سعودی گزٹ کے نامہ نگار سعید حیدر نے لکھا ہے کہ الخبر میں موجود ہندو کمیونٹی کو ہولی کا تہوار منانے کا دوسرا موقع فراہم کیا گیا۔ کیونکہ بھارت میں ایک دن قبل ہی (22 مارچ بروز جمعہ) ہولی منائی گئی تھی۔ ایونٹ کی اسپانسر سن سلک شیمپو کمپنی کے ہولی کا تہوار متحدہ عرب امارات میں منایا جاچکا ہے اور جلد ہی سعودی شہروں جدہ اور ریاض میں بھی منانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ سماجی رابطوں کی معروف سائٹس انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر اپلوڈ کی جانے والی تصاویر میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ ’’کلر ڈے‘‘ کے ہلہ گلہ میں سعودی خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ سعودی ادارہ تفریحات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سلطان الفقیر کا کہنا تھا کہ یہ تقریب تفریح اور صحت کو بہتر بنانے اور خاندان کے ساتھ خوشیاں منانے کیلئے منعقد کی گئی ہے۔ بھارتی ٹریول ایجنسی کے مالک سندیپ دویدی کا کہنا ہے کہ امارات اور سعودیہ میں ہولی کا تہوار منانا، بھارتیوں کیلئے بڑا اہم ایونٹ ہے۔ آئندہ بھارت سے متعدد افراد یہاں کا دورہ کرکے ہولی منانا پسند کریں گے۔ واضح رہے کہ 20 مارچ کی اشاعت میں سعودی گزٹ نے لکھا تھا کہ 23مارچ کو الخبر میں ثقافتی تقریبات بشمول رنگوں کا تہوار ہولی منایا جائے گا۔ اس موقع پر خاص طور پر پانچ کلومیٹر طویل میراتھن دوڑ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں شرکت کرنے والے ہزاروں بھارتی و نیپالی ہندوئوں، یورپین باشندوں اور عرب شہریوں کیلئے لازم تھا کہ وہ سفید کپڑے پہنیں تاکہ جب ان پر رنگ پھینکے جائیں تو زیادہ کھلیں۔ اس موقع پر اُتاری جانے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرد خواتین ایک دوسرے پر بے حجابانہ رنگ پھینک رہے ہیں اور قہقہے بکھیر رہے ہیں۔ ہندوانہ تہوار کے بارے میں سعودی میڈیا نے بتایا ہے کہ الخبر میں اس ایونٹ اسپانسر شپ سن سلک کمپنی لی تھی۔ جبکہ پانچ کلومیٹر کی میراتھن ریس کو ’’کرہ ارض پر مسرت انگیز دوڑ‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔ عرب نیوز سمیت اہم خلیجی جریدوں کے مطابق سعودی ادارہ تفریحات کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سلطان الفقیر کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد کا مقصد لوگوں کی جسمانی لیاقت بڑھانا اور ہنسی خوشی کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ سعودی میڈیا نے محتاط انداز میں رپورٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’رنگوں کا تہوار‘‘ الخبر شہر سے قبل متحدہ عرب امارات میں منایا گیا تھا اور اب یہ ایونٹ جدہ اور سعودی دارالحکومت ریاض میں بھی منعقد کئے جانے کی پلاننگ کرلی گئی ہے۔ سعودی ادارہ تفریحات کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سلطان الفقیر نے بتایا ہے کہ اس میراتھن دوڑ میں منتظمین کے ریکارڈ کے مطابق 10 ہزار 433 مرد و خواتین نے شرکت کی، جن کیلئے ناشتے اور مشروبات کا معقول اہتمام کیا گیا تھا۔
٭٭٭٭٭