28 لاکھ ہتھیانے والا اہلیہ کو دھمکیاں دینے لگا

0

کراچی (رپورٹ:سیدعلی حسن) اہلیہ کو 28 لاکھ کا چونا لگانے والا شوہر مقدمہ واپس لینے کے لئے تیزاب پھینکنے اغوا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے لگا ، ملزم آفتاب مقدمہ سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد کیس ختم کرانے کے لئے سرگرم ہوگیا۔ ملزم کی اہلیہ راحت جہاں نے تحفظ کی فراہمی کے لئے متعلقہ عدالت کو درخواست لکھ دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کا رہائشی آفتاب نے یکم ستمبر 2016 میں لیاقت آباد کی رہائشی راحت جہاں سے شادی کی تھی ، شادی کے بعد چند ماہ بعد اس نے اہلیہ کوچند روز کے لئے سسرال بھیج دیا اسی دوران اس نے اپنی ساس عشرت جہاں کو اس کا ایک مکان فروخت کرنے کے لئے راضی کیا مذکورہ مکان 28 لاکھ 25 ہزار روپے میں فروخت ہوا تاہم عشرت جہاں کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آفتاب نے رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرالی بعد ازاں عشرت جہاں کی جانب سے پیسوں کا تقاضہ کرنے پر آفتاب ان کو دھمکیاں دینے لگا جس پر متاثرہ خاندان نے تھانہ اورنگی ٹاؤن میں آفتاب اور اس کے بھائی نہال کے خلاف مکان فروخت کر کے رقم ہڑپ کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا۔ ملزم کو 7 مئی 2018 میں تھانہ سمن آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرنے کے الزام گرفتار کرکے 2 مقدمات مقدمہ الزام نمبر 105 اور 106 درج کئے تھے۔ مذکورہ مقدمات میں ملزم آفتاب نے جون 2018 میں ضمانت حاصل کی تھی ، ضمانت حاصل کرنے کے بعد ملزم نے کیس واپس لینے کے لئے مدعیہ پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے۔ ملزم آفتاب کی اہلیہ راحت جہاں کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میں لیاقت آباد میں رہائش پزیر ہوں ، 30 جولائی 2018 کی شام اپنی والدہ عشرت جہاں ، بہن رفعت جہاں اور اس کے شوہر محمود علی کے ساتھ گلستان جوہر میں رشتے دار کے گھر سے واپس آرہے تھے اور کامران چورنگی گلستان جوہر پر گاڑی کے انتظار میں کھڑے ہوئے تھے کہ اسی دوران راحت جہاں کا شوہر آفتاب اپنے ساتھیوں بلال ،اصغر اور نہال کے ساتھ آیا اور انہوں نے ہمیں اسلحہ کے زور پر زبردستی لے جانے کی کوشش کی شور شرابہ کرنے پر لوگ جمع ہوگئے جس پر آفتاب ودیگر ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگیا۔ آفتاب نے دھوکے سے میرے 28لاکھ روپے ہڑپ کر لئے ہیں اور جب اس سے پیسوں کا تقاضہ کیا جاتا ہے تو وہ مختلف حربوں سے ہمیں ڈرا دھمکاتا اور ہراساں کرتا ہے۔ راحت جہاں نے دعویٰ کیا ہے کہ آفتاب دھوکے باز ہے جو معصوم لڑکیوں سے شادی کرکے ان کے گھر والوں کو لوٹ کر چھوڑ دیتا ہے ، مجھ سے قبل آفتاب نے 5 شادیاں کی تھیں اور ان لڑکیوں کو لوٹنے کے بعد چھوڑ دیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس کی وجہ سے وہ اس کے خلاف آگے نہیں آئے۔ آفتاب ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے اور دباؤ ڈال رہا ہے کہ ہم مقدمہ واپس لے لیں ، ہم بہت مشکل سے کیس لڑ رہےہیں جبکہ ہمارے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں والدہ اور میں گھر میں سلائی کا کام کرکے گزارا کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More