کابل (امت نیوز) طالبان نے صوبہ فاریاب میں زیر تسلط علاقے پر قبضہ مضبوط بناتے ہوئے ہتھیار ڈالنے والے 40افغان اہلکار چھوڑ دیئے، جبکہ اشرف غنی حکومت کی طرف سے جنگ بندی کی مشروط پیشکش مسترد کرتے ہوئے حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے امریکی فورسز کو افغانستان میں قیام بڑھانے کا موقع مل جائے گا۔ اس لئے لڑائی جاری رہے گی۔ افغان صدر کا کہنا تھا کہ ہم جنگ بندی کا اعلان کر رہے ہیں جس پر یوم عرفہ بروز پیر سے لے کر پیغمبر اسلامؐ کے یوم ولادت (نومبر کے وسط) تک عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی پر عملدرآمد کا دارومدار اس بات پر ہے کہ طالبان بھی ان بابرکت دنوں میں جنگ بندی کا احترام کریں۔ کابل حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ اعتماد کی فضا پیدا کرنے کیلئے طالبان قیدی رہا کئے جائیں گے، جس کیلئے طالبان سے فہرستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ امریکہ نے افغان حکومت کی مشروط جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اس سال افغان عوام عید الضحیٰ کا تہوار امن سے اور بغیر خوف کے منا سکیں گے۔ واشنگٹن سے امن کا پیغام جاری کرنے کے دوران ہی کابل میں امریکی فوج کے اہلکاروں ضلع خاک جبار میں شہری آبادی پر دھاوا بول دیا اور کم از کم 7 نہتے شہریوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ دربند گاؤں پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھروں کے دروازوں کو بموں سے تباہ کردیا، جبکہ شہریوں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب طالبان نے فاریاب کے علاقے میمانہ میں قبضہ مضبوط بناتے ہوئے ضلع قسار کی8 چوکیاں بھی تحویل میں لے لیں، جنہیں افغان اہلکار خالی کر گئے تھے۔ادھر صوبائی کونسل کے ارکان عبدالاحد ایلبک اور آق محمد نوری نے تصدیق کی ہے کہ 19 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر 60افغان اہلکاروں نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے جن میں سے 40 کو چھوڑ دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان نے دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں تیز کردی ہیں، جس کے نتیجے میں کم ازکم 15افغان اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد کو یرغمال بنا لیا گیا۔ 6 اہلکار غزنی کے ضلع قراباغ میں مارے گئے اور5 یرغمال بنائے گئے، جن کے قبضے سے 8 کلاشنکوفوں اور 3مشین گنوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ صوبہ لوگر کے صدر مقام پل عالم شہر کے علی خان قلعہ کے علاقے میں کاروان پر ہونے والے حملے میں 2فوجی رینجر گاڑیاں تباہ اور 4اہلکار ہلاک، جبکہ 3 شدید زخمی ہوئے۔ 2 فوجی الیاس خان قلعہ کے علاقے میں قائم چوکی پر حملے میں ہلاک ہوئے۔صوبہ پروان کے ضلع بگرام میں امریکی فوج کے سب سے بڑے فوجی اڈے بگرام ایئربیس پر طالبان نے کئی میزائل داغے، جس سے امریکی فوج کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ پروان ہی کے ضلع شینوار کے رازگرد کے علاقے میں طالبان کے حملے میں غوربند درہ کے حکومت نواز جنگجو کمانڈر مشتاق ہلاک، جبکہ ان کا نائب کمانڈر نجم الدین ایک جنگجو سمیت زخمی ہوا اور ان کا ٹینک بھی تباہ کردیا۔خوست شہر میں گورنر ہاؤس پر بھی حملے کی اطلاعات ہیں۔