ایران مقامی سطح پر تیار جنگی جہاز ’کوثر‘ منظرعام پر لے آیا
تہران(امت نیوز) ایران نے ریاستی ٹی وی چینل پر منگل کے روز نیشنل ڈیفنس انڈسٹری کی نمائش میں مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی جہاز دکھایا ہے جس کے کاک پٹ میں صدر حسن روحانی بیٹھے ہوئے ہیں۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق کوثر نامی فورتھ جنریشن جہاز میں جدید ایوی اونکس اور ریڈار نصب ہیں اوراسے کامیاب تجربات کے بعد رن وے پر لایا گیا ہے۔ وزیر دفاع جنرل عامر حاتمی نے بتایا کہ ایرانی شہری آئندہ بدھ کو جنگی جہاز کو فضاؤں میں پرواز کرتے اور اس کے لیے تیار کردہ آلات کو دیکھ سکیں گے۔‘خیال رہے کہ ایران کی جانب سے حالیہ دنوں جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے اعلان ایک ایسے وقت کیے جا رہے ہیں جب امریکی صدر کی جانب سے بین الاقوامی جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد اقتصادی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید تلخ ہو گئے ہیں اور خلیج میں ایرانی اور امریکی بحریہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک دن پہلے بدھ کو ایران کے ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ ایرانی بحریہ نے پہلی بار مقامی سطح پر تیار کیے گئے دفاعی نظام کمند کو ایک بحری جنگی جہاز پر نصب کردیا ہے جب کہ دوسرے جنگی جہاز پر جلد نصب کیا جائے گا۔‘کمند نظام کو ’ایرانی فیلینکس‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ امریکی خودکار مشین گن کی طرز پر بنایا گیا ہے جس کی بڑی گولیاں میزائل کو تباہ کرتی ہیں۔ عالمی پابندیوں اور اسلحہ خریدنے پر پابندی کے باعث ایران نے بڑے پیمانے پر اسلحہ مقامی سطح پر تیار کیا ہے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ ان کے مقامی سطح پر تیار کردہ اسلحہ جدید مغربی اسلحے کے مقابلے کا ہے۔ ایرانی بحریہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کمند دفاعی نظام اس وقت فعال ہو جاتا ہے جب کوئی بھی شے جنگی جہاز سے دو کلومیٹر کے فاصلے میں آ جائے اور ایک منٹ میں چار ہزار سے سات ہزار گولیاں فائر کرتا ہے۔ ایرانی ایوی ایشن کور کا کہنا ہے کہ ایرانی بری فوج نے ہیلی کاپٹروں پر نصب میزائلوں کی رینج کو آٹھ کلومیٹر سے بڑھا کر 12 کلومیٹر کر دیا ہے۔