آر ٹی ایس پر تحقیقات عید کے بعد کرینگے -وزیر اطلاعات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آر ٹی ایس کے معاملے پر تحقیقات کے حوالے سے عید کے بعد غور کیا جائے گا۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی سینیٹ کی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ کابینہ ڈویژن سے ماہرین کی رائے مانگی گئی تھی، تاہم اس پر فیصلہ عید کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس نظام میں مبینہ خرابی اور نتائج میں تاخیر کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کے لیے وفاقی کابینہ کو دو اگست کو ایک خط لکھا تھا اور تحقیقات کے لیے ضابطہ کار بھی طے کیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ آر ٹی ایس میں مبینہ خرابی اور نتائج کی تاخیر کی تحقیقات چار ہفتوں میں مکمل کی جائے گی۔ تحقیقات کے لیے طے شدہ قواعد و ضوابط میں پروجیکٹ کے ڈیزائن، اس پر لوگوں کی تربیت، 25جولائی کو اس ایپ کی ناکامی کی تحقیقات بعد یہ نتیجہ اخذ کیا جانا تھا کہ یہ نظام کیوں ناکام ہوا اور اس کی ذمہ داری کس کے سر ہے؟ لیکن نہ تو نگران حکومت نے کوئی کمیٹی تشکیل دی اور نہ ہی نئی کابینہ میں اس معاملے پر کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔