شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں قتل شاہ زیب کے والد انتقال کر گئے

0

آکلینڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں قتل ہونے والے شاہ زیب خان کے والداور نگزیب خان نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں انتقال کر گئے۔ اورنگزیب خان آج کل سندھ پولیس میں اے ڈی آئی جی کرائم برانچ تھے ۔ساتھی پولیس افسر نے بتایا کہ وہ حال ہی میں چھٹیاں لے کر نیوزی لینڈ میں مقیم فیملی کے پاس تعطیلات گذارنے گئےتھے جہاں ان کی طبیعت خراب ہوئی اوروہ علاج کے دوران خالق حقیقی سے جاملے۔ ان کی تدفین آج آکلینڈ میں ہی کی جائے گی۔ شاہ زیب کے والد اورنگزیب کی وفات پر انٹرنیٹ صارفین نے بھی دکھ کا اظہار کیا اور شاہ زیب کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ مقتول شاہ زیب کے والد نے اپنی عمر میں اپنے مقتول بیٹے کو انصاف دلوانے کی پوری کوشش کی لیکن افسوس کہ وہ اپنے بیٹے کو انصاف نہیں دلوا سکے اور اب خود بھی جہان فانی سے کُوچ کر گئے۔یاد رہے کہ 25دسمبر 2012ء میں مقتول شاہ زیب خان کی بہن کے ساتھ شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوست غلام مرتضیٰ لاشاری نے بدسلوکی کی جس پر شاہ زیب نے مشتعل ہو کر ملزمان سے جھگڑا کیا۔موقع کے وقت معاملے کو رفع دفع کردیا گیا تاہم شاہ رخ جتوئی نے بعد ازاں دوستوں کے ساتھ شاہ زیب کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا۔ کچھ عرصہ قبل سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت تمام گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس پر سول سوسائٹی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔رواں برس مارچ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 3رکنی بینچ تشکیل دیا تھا اور سماعت پر ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے ساتھ انہیں دوبارہ حراست میں لینے کا حکم دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More