تعصبات پس پشت ڈال کر ملکی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے- صدر- وزیراعظم
اسلام آباد(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔ عیدالضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام پیغام صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے،آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی ، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو،سنت ابراہیمی کی پیروی ہم سے زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ علاوہ ازیں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیونے دنیا بھر کے مسلمانوں کوعیدالاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ عید کا وقت قربانی کا سبق اور ضرورت مند سے ایثار و محبت کا اظہار کرتا ہے، تمام برادریوں کے لوگ ایک ساتھ نماز عید ادا کرتے ہیں، پکوانوں کا تبادلہ کرتے ہیں اور زندگی میں حاصل نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہیں۔