بہنوئی کے انتقال پرحسین لوائی کی پیرول پر رہائی کی کوششیں
کراچی(رپورٹ:نواز بھٹو) سندھ حکومت کے ایما پر جیل حکام نے منی لانڈرنگ اسکینڈل کے کلیدی ملزم حسین لوائی کی پیرول پر رہائی کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔جیل سپرنٹنڈنٹ نے9اگست سے بغیر کسی مرض کے این آئی سی وی ڈی میں داخل حسین لوائی کو بہنوئی کے انتقال کے باعث 5گھنٹے کیلئے پیرول پر رہائی کی سفارش کیلئے محکمہ داخلہ سندھ کو خط تحریر کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس خط کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور محکمہ داخلہ نے ابھی تک اس کا با ضابطہ جواب نہیں دیا۔جمعہ کی شام انور مجید بھی سینے میں تکلیف کے باعث این آئی سی وی ڈی لائے گئے ۔انہیں دوسری منزل پر پرائیویٹ وارڈ کے بیڈ نمبر 239 پر رکھا گیا ۔ پرائیویٹ وارڈ کے بیڈ نمبر 210 پر حسین لوائی داخل ہیں۔محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ9اگست سے این آئی سی وی ڈی میں داخل حسین لوائی کو اسپتال منتقل کرنے کیلئے جیل انتطامیہ نے 17اگست کو اجازت مانگی جو ابھی تک نہیں دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل حکام نے انور مجید اور حسین لوائی کے معاملے میں تمام قوانین کو پس پشت ڈال رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق 2سے زائد بار ٹیسٹ لئے جانے کے باوجود لوائی میں کسی بیماری تشخیص نہیں ہوئی البتہ انور مجید دل کے والو تنگ ہیں جس کا علاج جاری ہے۔