وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا پہلا نوٹس
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کینسر میں مبتلا ٹیبل ٹینس کی کھلاڑی مہک انور کی بیماری کو نوٹس لے لیا ہے۔وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا نوٹس ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے میڈیا پر ٹیبل ٹینس کی کھلاڑی مہک انور کی بیماری کے حوالے سے چلنے والی خبروں کا نوٹس لیا ہے۔فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم نے مہک انور کی بیماری کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس کے مطابق مہک کینسر کے مرض میں مبتلا اور کراچی کے آغا خان اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ مہک کے والد نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ وہ مہک کے علاج میں تعاون کریں۔ایک ویڈیو میں مہک کے والد نے کہا کہ میری وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے مہک انور کے علاج میں ہمارے ساتھ تعاون کریں اور مہک کی جان بچانے میں ہماری مدد کریں۔