نئی دہلی(ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات پربھارتی وزیراور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کےسر کی قیمت لگ گئی۔ انتہاپسند ہندوتنظیم بجرنگ دل نے انہیں مارنے پر 5لاکھ روپے انعام رکھ دیا ہے۔سدھو کے خلاف بھارت میں مظاہرے جاری ہیں جبکہ بہار میں بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کر لی ہے۔ دوسری جانب پریس کانفرنس میں سدھو نے بھارت میں اپنے خلاف پروپیگنڈے کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2دن میں جو محبت پاکستان اور پاکستانیوں نے دی وہ میرے لیے سرمایہ ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان امن کے لیے امید بھی پیدا ہوچلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان گیا تھا اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں بہتری کے لیے ایسے پیغامات دیئے جاتے ہیں، اگر ایسا نہیں ہے تو کیا بھارتی سفیر کی جانب سے کرکٹرز کا دستخط شدہ ’بلا‘عمران کو تحفے میں دینے پر بھارتی ہائی کمیشن بند کردینا چاہئے؟ واجپائی اور نریندرمودی بھی پاکستان کا دورہ کرتے رہے ہیں تو کیا ان کو وزیر اعظم تسلیم نہیں کیا جائے گا؟ اس سب کے باوجود مجھ پر ہی تنقید کیوں کی جارہی ہے؟سدھو کے مطابق وہ بھارتی حکومت کی اجازت سے ہی تقریب میں شریک ہو ئے۔ انہوں نے کہا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو نہیں مانتا بلکہ اپنی پارٹی قیادت کو جواب دہ ہوں جو میرے ساتھ کھڑی ہے۔