افغانی قورمہ
افغانی قورمے کو پکانے کا انداز عام قورمے سے مختلف ہوتا ہے۔ اس میں اشیا کو پہلے ابالا جاتا ہے۔ پھر انہیں پکایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا ذائقہ بھی عام قورمے سے مختلف ہوتا ہے۔
اجزا:
بکرے کا گوشت ابلا ہوا اور یخنی کے ساتھ آدھا کلو
تیل چوتھائی کپ
پیاز کٹی ہوئی 2 عدد
ادرک لہسن کا پیسٹ 1 کھانے کا چمچ
نمک 1 چائے کا چمچ
لال مرچ پسی ہوئی 1 چائے کا چمچ
ثابت لال مرچ 8 عدد
دہی 1 کپ
لیموں کا رس 1 کھانے کا چمچ
کیوڑا 1 چائے کا چمچ
گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچ
ترکیب:
سب سے پہلے تیل گرم کر کے اس میں پیاز کو ہلکا سنہری کرلیں۔ اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، نمک اور پسی ہوئی لال مرچ شامل کر کے اچھی طرح فرائی کرلیں۔ اس کے بعد گوشت کو یخنی، ثابت لال مرچ اور دہی کے ساتھ شامل کر کے 10 منٹ پکائیں اور مسلسل چمچ چلاتے رہیں۔ اب اسے ہلکی آنچ پر مزید 10 منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ آخر میں لیموں کا رس، کیوڑا اور گرم مصالحہ ڈال کر نکال لیں۔ گرما گرم مزیدار افغانی قورمہ تیار ہے۔
٭٭٭٭٭
عربی بیف رائس
اجزا:
گوشت1 کلو
چاول (دھو کر 20 منٹ کیلئے بھگودیں) 1 کلو
دہی 1 کپ
زیرہ پاؤڈر 1 کھانے کا چمچہ
کاجو پیسٹ 3 کھانے کے چمچے
ادرک لہسن پیسٹ 1 کھانے کا چمچہ
زعفران 1 چٹکی (تھوڑے سے نیم گرم دودھ میں بھگو دیں)
نمک حسبِ ذائقہ
تیل 1 کپ
ترکیب:
دیگچی میں تیل گرم کر کے گوشت ڈال کر فرائی کر لیں۔ دہی، زیرہ پاؤڈر، کاجو پیسٹ اور ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر بھون لیں۔ 2 کپ پانی شامل کر کے درمیانی آنچ پر ڈھک کر پکائیں۔ الگ دیگچی میں چاول، نمک اور پانی ڈال کر ابال لیں۔ 1 کنی باقی ہو تو چھان لیں۔ گوشت گل جائے تو چاو ل ڈال دیں۔ زعفران ملے دودھ کو چالوں پر چھڑک کر 10-15 منٹ دم دے دیں۔ سرونگ ڈش میں نکال کر رائتے کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
٭٭٭٭٭
دم پخت
اجزا:
گائے کی پُٹھ کا گوشت ایک کلو
دہی ایک پاؤ
پیاز 2 سے 3 عدد درمیانی
ثابت لال چھوٹی مرچ 15عدد
ثابت کالی مرچ 10 دانے
لونگ 10 عدد
بڑی الائچی 5 عدد
دار چینی 5 ٹکڑے
لہسن اور ادرک کا پیسٹ ایک چمچہ
گھی ایک پیالی
نمک حسب ضرورت
ترکیب:
سب سے پہلے گوشت دھو کر اس کا پانی خشک ہونے دیں۔ ایک دیگچی میں پہلے گھی ڈال کر اس میں گوشت ڈال دیں۔ اس کے بعد دہی پھینٹ کر گوشت کے اوپر ڈال دیں اور پھر تمام مصالحہ جات ڈال کر اسے اچھی طرح مکس کرلیں۔ جب تمام اجزا کو دیگچی میں ڈال لیں تو پھر اس کو ہلکی آنچ پر چولہے پر چڑھا دیں اور ساتھ ہی دیگچی کے ڈھکن کو اچھی طرح کناروں سے آٹے کے لیپ سے بند کردیں، تاکہ بھاپ باہر نہ آسکے۔ تقریباً
ڈیڑھ سے 2 گھنٹے بعد گوشت گل جائے گا۔ اسے بھون لیں تاکہ گھی اوپر آجائے۔ اس طرح آپ کا دم پخت تیار ہوجائے گا۔
دم پخت تیار ہوجانے کے بعد اسے ایک ڈش میں نکال لیں اور اوپر سے ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ گرما گرم دم پخت مہمانوں کے سامنے پیش کردیں۔
٭٭٭٭٭
مغز مزے دار
بکرے کا مغز دو عدد
ٹماٹر ایک چھٹانک
لونگ چار عدد
نمک، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ
پیاز آدھا پاؤ
ہرا دھنیا، ہری مرچ حسبِ ضرورت،
گھی آدھا پاؤ
ترکیب:
تھوڑا سا پانی ابالیں۔ اس میں لونگ اور تھوڑا نمک ڈال دیں اور مغز ڈال کر دو ابال آنے پر اتار لیں۔ گھی گرم کر کے پیاز چھلے دار کاٹ کر تل لیں اور بادامی ہونے پر نکال کر پلیٹ میں پھیلا دیں۔ اسی گھی میں ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں۔ پھر نمک، مرچ ڈال کر ہلکی آنچ پر بھون لیں۔ پیاز کو ہاتھوں سے مسل کر ڈال دیں۔ ابلے ہوئے مغز کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے ڈال دیں۔ دو منٹ بھوننے کے بعد ہرا دھنیا و ہری مرچ ڈال کر چند منٹ دم پر رکھ دیں۔ آنچ بالکل ہلکی ہو۔ پانچ منٹ بعد دیکھیں گھی چھوڑ رہا ہو گا۔گرم گرم روٹی کے ساتھ تناول فرمائیں۔
٭٭٭٭٭
بمبئی بریانی
اجزا:
بکرے کا گوشت 1 کلو
باسمتی چاول 1 کلو
بڑے آلو 4 عدد
لیموں 4 عدد
لونگ 4 عدد
باریک کٹی پیاز 4 عدد
ہری مرچ 6 عدد
چھوٹی الائچی 6 عدد
ثابت کالی مرچ 6 عدد
کٹے ٹماٹر 6 عدد
سوکھے آلو بخارے 1 پیالی
گرم دودھ 1 پیالی
گھی یا تیل 1 پیالی
دہی 1 پیالی
باریک کٹا پودینا 1 گڈی
کالا زیرہ 1 چائے کا چمچ
پسی لال مرچ 1 کھانے کا چمچ
زردے کا رنگ 1 چوتھائی چمچ
پسا دھنیا 2 کھانے کے چمچ
ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈیڑھ کھانے کا چمچ
نمک حسب ذائقہ
ترکیب:
ایک کلو بکرے کے گوشت کو اچھی طرح دھو لیں۔ اس پر دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، پسا ہوا دھنیا، لیموں کا رس، کٹا پودینہ، ہری مرچ، سوکھے آلو بخارے اور حسب ذائقہ نمک لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب ایک دیگچی میں ایک پیالی تیل گرم کر کے پیاز گولڈن براؤن کریں اور آدھی نکال کر اخبار پر پھیلا لیں۔ باقی آدھی پیاز میں مصالحہ لگا ہوا گوشت ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو اسے بھون کر اتار لیں۔ پانی بالکل نہ ڈالیں۔ آلوؤں کو ہلکی سی بھاپ دے کر ٹکڑے کر کے فرائی کریں اور تلے آلوؤں کے ساتھ مٹن پر ڈال دیں۔ چاولوں میں پودینہ، ہری مرچ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، نمک اور لونگ ڈال کر الگ سے دو کنی ابالیں اور پھر پانی نتھار لیں۔ اس کے بعد دیگچی میں ذرا سی چکنائی لگا کر آدھی چاولوں کی تہہ لگائیں۔ اب گوشت کی تہہ لگادیں۔ پھر باقی چاولوں کی تہہ لگا کر تلی ہوئی پیاز ڈالیں۔ ساتھ ہی ایک پیالی گرم دودھ میں ایک چوتھائی چائے کا چمچہ زردے کا رنگ ملا کر اس میں شامل کریں۔ اس کے بعد لیموں کا رس ڈال کر تیز آنچ پر توے پر دم دیں۔ دس منٹ کے بعد آنچ ہلکی کردیں۔ بھاپ اوپر آجائے تو تیار بریانی اتار لیں۔
٭٭٭٭٭
ایرانی بیف تکے
اجزا:
بچھیا کا گوشت ایک کلو
نوشادر چھ ماشہ
سوکھی کچری دو عدد
پیاز چار عدد
دہی ایک پاؤ
گرم مصالحہ تین چمچ
ثابت سرخ مرچ دس عدد
سوکھا دھنیا دو چمچ
خشک انجیر دو عدد
گھی ایک چھٹانک
ترکیب:
پیاز کو باریک کتریں۔ لال مرچوں کو ہاون دستہ میں موٹا موٹا کوٹ لیں۔ دھنیا بھی پیس لیں۔ سوکھی کچریوں کو کچل لیں۔ نوشادر پیس کر خوب باریک کر لیں۔ انجیروں کو کچل کر پھیلا لیں۔ پھر ان سب کو ملا کر پیس لیں۔ گوشت کے پارچوں کو نمکین پانی میں دھو ڈالیں اور کسی سایہ دار جگہ میں خشک کریں۔ اب پسی ہوئی سب چیزیں دہی پتلا کر کے اس میں ملا دیں اور خشک کئے ہوئے گوشت کے پارچوں پر لگا دیں۔ انہیں چار گھنٹے تک اسی حالت میں پڑا رہنے دیں۔ پھر ان پر گھی ملیں اور سیخوں پر چڑھا کر کوئلے کی آگ پر پختہ کریں۔ لیجئے ایرانی تکے تیار ہیں۔
٭٭٭٭٭
کڑاہی مغز
بکرے کا مغز چار عدد
پیاز ڈیڑھ کپ (کٹا ہوا)
ٹماٹر تین عدد (کٹے ہوئے)
دہی آدھا کپ
نمک ایک چائے کا چمچ
لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ
ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچ
لال مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ
دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
گرم مصالحہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
میتھی کے پتے ایک چائے کا چمچ
ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچ (کٹا ہوا
ہری مرچ دو سے تین عدد (کٹی ہوئی
تیل آدھا کپ
ترکیب:
مغز کو صاف کرلیں اور پانچ منٹ تک ابال لیں۔ پھر مغز سے تمام وینز کو الگ کر دیں۔ اب ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز کو گولڈن براؤن کرلیں۔ پھر لہسن ادرک پیسٹ، نمک، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، ٹماٹر اور دہی شامل کر کے اچھی طرح فرائی کرلیں۔ اب اس میں مغز ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ آخر میں گرم مصالحہ پاؤڈر، میتھی کے پتے، ہرا دھنیا اور ہری مرچ شامل کر کے نان کے ساتھ سرو کریں۔
٭٭٭٭٭
مغز مصالحہ
اجزا:
مغز چار عدد
دہی آدھا کلو
پیاز ایک کپ
لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ
لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
میتھی دانہ آدھا چائے کا چمچ
ہلدی دو چائے کا چمچ
ہری مرچ چھ سے آٹھ عدد
تیل حسبِ ضرورت
نمک حسبِ ذائقہ
پانی حسبِ ضرورت
ہرا دھنیا حسبِ ضرورت
ترکیب:
ایک بڑے پین میں مغز، پانی اور ایک چائے کا چمچ ہلدی ڈال کر اُبال لیں۔ اب ایک باؤل میں مغز پر دہی لگا کر میرینیٹ کرلیں۔ پھر ایک پین میں تیل ڈال کر میتھی دانہ، لہسن پسٹ، نمک، پیاز، لال مرچ پاؤڈر اور ایک کھانے کا چمچ ہلدی ڈال کر بھون لیں۔ جب خوشبو آنے لگے تو اس میں مغز ڈال دیں اور بھون لیں۔ اب ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھ دیں اور آنچ دھیمی کرلیں۔ جب تیل اوپر آجائے تو ڈش آؤٹ کرلیں۔ ہرا دھنیا سے گارنش کر کے گرما گرم مغز مصالحہ نان کے ساتھ سرو کریں۔
٭٭٭٭٭
مغلئی مٹن ملائی
اجزا:
بکرے کا گوشت آدھا کلو
نمک 1 چائے کا چمچ
دہی 1 کپ
دھنیا ڈیڑھ چائے کا چمچ پسا ہوا
گرم مصالحہ 1 چائے کا چمچ
لیموں کا رس 2 کھانے کے چمچ
زیرہ 1 چائے کا چمچ
لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچ
پیاز 3 کھانے کے چمچ، تلی اور کٹی ہوئی
ادرک لہسن کا پیسٹ 1 کھانے کا چمچ
ہری الائچی 1 چوتھائی چائے کا چمچ، پسی ہوئی
تیل حسب ضرورت
کاجو ایک کھانے کا چمچ، پسے ہوئے
ملائی 2 کھانے کے چمچ
کیوڑا 1 کھانے کا چمچ
زعفران 1 چوتھائی چائے کا چمچ
پودینے کے پتے 10 عدد
ترکیب:
پہلے گوشت کو نمک، دہی، دھنیا، گرم مصالحہ، لیموں کا رس، زیرہ، لال مرچ، پیاز، ادرک لہسن کا پیسٹ اور پسی ہری الائچی سے میری نیٹ کر کے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں میری نیٹ کیا ہوا گوشت ڈال کر ڈھک دیں اور ہلکی آنچ پر 30 منٹ کے لیے پکنے دیں۔ اب اس میں کاجو، ملائی، کیوڑا، زعفران اور پودینے کے پتے ڈال کر دم پر رکھیں، یہاں تک کہ تیل اوپر آجائے۔
پھر اسے نان کے ساتھ سرو کریں۔
٭٭٭٭٭
فرائیڈ دھاگا کباب
اجزا:
گائے کا قیمہ آدھا کلو
چنے 2 کھانے کے چمچ بھنے ہوئے
خشخاش 1 کھانے کا چمچ
سفید زیرہ 1 چائے کا چمچ
چھوٹی الائچی 4 عدد
کالی مرچ 4 عدد
لال مرچ 1 کھانے کا چمچ پسی ہوئی
نمک حسب ذائقہ
لونگ 2 عدد
ڈبل روٹی کے سلائس 2 عدد
پیاز 1 عدد تلی ہوئی
ہری مرچ 4 عدد
کچا پپیتا 2 کھانے کے چمچ
لیموں 2 عدد
گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچ پسا ہوا
ہرا دھنیا 1 گڈی باریک کٹی ہوئی
تیل حسب ضرورت
ترکیب:
سب سے پہلے پہلے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، چھوٹی الائچی، کالی مرچ، لال مرچ، نمک اور لونگ ملا کر باریک پیس لیں۔ اب اسے قیمے میں ڈبل روٹی کے سلائس کے ساتھ شامل کر کے چوپر میں پیس لیں۔ پھر اس میں پیاز اور ہری مرچ ملا دیں۔ اس کے بعد کچا پپیتا شامل کر کے اچھی طرح گوندھیں اور 10 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر چھوٹے چھوٹے گول کباب بنا کر فرائنگ پین میں شیلو فرائی کر لیں۔ جب سارے کباب تل لیں تو ایک بڑے توے یا فرائنگ پین میں تلے کباب پھیلا کر رکھیں۔ اوپر سے لیموں کا رس، گرم مصالحہ اور ہرا دھنیا ڈال کر 5 منٹ کے لیے دم پر رکھ دیں۔ مزیدار فرائیڈ دھاگا کباب تیار ہیں۔
٭٭٭٭٭
چنیوٹی کُنا گوشت
اجزا:
بکرے کی ران کا گوشت 1/2-1 کلو بمع ہڈی
پیاز 3 عدد درمیانے سائز کے
لہسن پسا ہوا 1 کھانے کا چمچ
ادرک پسا ہوا 1 کھانے کا چمچ
پسا دھنیا 1 چائے کا چمچ
جائفل پسی ہوئی 1/2 چائے کا چمچ
سونف پسی ہوئی 1/2 چائے کا چمچ
سرخ مرچ پسی ہوئی 1 کھانے کا چمچ
لونگ چار عدد
الائچی دو عدد
نمک حسب ذائقہ
کالا زیرہ 1/2 چائے کا چمچ
تیل 3/4 کپ
آٹا 4-3 کھانے کے چمچ
سجاوٹ کے لئے:
ہرا دھنیا، ہری مرچ، لیموں اور پسا گرم مصالحہ
ترکیب:
اگر مٹی کی ہانڈی میں پکا رہے ہیں تو ہانڈی کو گرم کر لیں۔ ویسے عام ہانڈی یا پریشر کوکر میں بھی پکایا جاسکتا ہے۔
قربانی کے گوشت کے لئے:
پہلے گوشت کو لہسن میں تھوڑا پانی ملا کر پکائیں۔ اس سے گوشت کی بو ختم ہو جائے گی۔
پھر تیل گرم کریں اور اس میں لہسن ادرک کا پیسٹ شامل کریں۔ پھر گوشت ڈال دیں۔ درمیانی آنچ پر گوشت کو اتنا بھونیں کہ زیادہ سخت نہ ہو۔ پھر اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز شامل کر کے بھونیں۔ اس کے ساتھ پسا دھنیا ڈال دیں۔ پسے ہوئے دھنیا سے پیاز گل جاتا ہے۔ پانچ دس منٹ کے بعد لال مرچ، پسی ہوئی جائفل، سونف، نمک اور لونگ (دو تین) ڈال کر دو گلاس پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر 3-2 گھنٹے ڈھانپ کر پکنے دیں۔ جب گوشت گل جائے تو آٹے کو اوپر دی گئی مقدار میں گھول کر شوربے میں شامل کریں اور مزید پندرہ منٹ پکائیں۔ کالا زیرہ ڈال کر دم دے دیں اور چولہا بند کر دیں۔
گرم گرم نان یا افغانی نان اور لیموں، دھنیا اور باریک کٹی ہری مرچوں سے سجا کر پیش کریں۔
٭٭٭٭٭
مصالحہ دار مٹن کڑاہی
اجزا:
بکرے کا گوشت 1 کلو
نمک ڈیڑھ چائے کا چمچ
ادرک، لہسن کا پیسٹ 1 کھانے کا چمچ
ٹماٹر آدھا کلو
ہری مرچ 8 عدد
لال مرچ 2 چائے کے چمچ
گھی یا تیل آدھا کپ
ہرا دھنیا آدھا گڈی
ادرک 2 انچ کا ٹکڑا
سفید زیرہ 2 کھانے کے چمچ
ترکیب:
پہلے بکرے کے گوشت کو 2 کپ پانی اور آدھا چائے کا چمچ نمک کے ساتھ ابال لیں۔ پھر اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کر دیں اور ڈھک کر 10 منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر دس منٹ کے لیے ڈھک دیں۔ پھر اس میں پسی لال مرچ، نمک اور گھی یا تیل ڈال کر بھون لیں، یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔ پھر اس میں ہرا دھنیا، ادرک اور سفید زیرہ ڈال دیں اور نان کے ساتھ سرو کریں۔
٭٭٭٭٭
روسٹڈ کلیجی
اجزا:
کلیجی ایک کلو
پیاز دو عدد (بڑی سائز کی)
دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
ٹماٹر آدھا پاؤ
نمک حسب ذائقہ6
ہری مرچ ایک چوتھائی کپ (کٹی ہوئی)
ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
تیل ڈیڑھ کپ
ادرک کا پیسٹ دو چائے کے چمچ
ہرا دھنیا ایک چوتھائی کپ (کٹا ہوا)
لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ
ترکیب:
کلیجی کو اچھی طرح دھو کر صاف کر لیں۔ اس کے بعد تھوڑا سا تیل گرم کر کے کلیجی کو اچھی طرح بھون لیں۔ اب ایک دیگچی میں تیل گرم کر کے پیاز ڈالیں اور لائٹ براؤن کر لیں۔ اس کے بعد اس میں کلیجی، دھنیا پاؤڈر، ٹماٹر، نمک، ہری مرچ، ہلدی پاؤڈر، ادرک کا پیسٹ، ہرا دھنیا اور لال مرچ پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ تھوڑا سا پانی ڈال کر کلیجی کو مکمل طور پر گلنے دیں۔
جب تیل اوپر آجائے تو کلیجی بھون لیں۔ گل جائے تو ڈش میں نکال لیں اور ہرا دھنیا گارنشنگ کر کے سلاد نان یا روٹی کے ساتھ سرو کر یں۔
٭٭٭٭٭
شب دیگ
بقرعید پر چونکہ گوشت کی فراوانی رہے گی، اس لیے گوشت کی ایک ڈش ’’شب دیگ‘‘ آزمائیے۔ جو ایک کشمیری ڈش ہے۔
اجزا:
بکرے کا گوشت ایک کلو
باریک قیمہ چربی کے بغیر آدھ کلو
پیاز آدھ کلو
ادرک آدھی چھٹانک
نمک مرچ حسب ذائقہ
بھنے چنے کا بیسن ایک چھٹانک
لہسن ایک گٹھی
بالائی آدھ پاؤ
شلجم 4 سے 6 عدد درمیانے سائز کے
ترکیب:
شلجم چھیل کر اس پر کانٹے سے کچوکے لگالیں۔ پھر نمک اور ہلدی مل دیں۔ گھنٹہ بھر بعد کپڑے سے خشک کر کے گھی میں تل کر نکال لیں۔ گوشت کو پیاز لال کر کے لہسن ادرک ڈال کر سالن کی طرح بھون لیں۔ تھوڑا پانی ڈال کر مزید بھونیں۔ پھر شلجم ڈال کر بھونیں۔ اب قیمے میں بیسن، نمک، مرچ ڈال کر کوفتے بنا کر تل لیں اور بھنے ہوئے گوشت میں ڈال دیں۔ گرم پانی اتنا ڈالیں کہ گوشت اور شلجم گل جائیں اور گھی کا شوربہ رہ جائے۔ ہلکی آنچ پر کئی گھنٹے پکنے دیں۔ شلجم کو ہاتھ سے توڑ کر دیکھیں۔ گوشت کے بڑے بڑے ٹکڑے اور سالم شلجم دونوں گلے ہوئے ہونے چاہئیں۔ پسا ہوا گرم مصالحہ دو چائے کے چمچ ڈال کر اتار لیں۔
خشکہ چاول یا نان کے ساتھ خود بھی کھائیں اور مہمانوں کو بھی کھلائیں۔
٭٭٭٭٭
ایرانی کوفتے
اجزا:
گائے کا قیمہ آدھا کلو (بغیر چربی کا)
کشمش آدھی چھٹانک
گھی ایک پاؤ
ہری مرچیں دو عدد
بادام آدھی چھٹانک
کیوڑا چار بڑے چمچ
زعفران دو ماشے
چھوٹی الائچی پانچ عدد
پستہ آدھی چھٹانک
پیاز آدھا پاؤ
دال چنا ایک چھٹانک
گرم مصالحہ ایک چمچ
نمک مرچ حسب ذائقہ
ترکیب:
قیمہ اور سب مصالحے دال چنا کے ساتھ ڈال کر پتیلی میں مع پانی ڈال کر پکنے کے لئے رکھ دیں، تاکہ دال گل جائے۔ پانی خشک ہونے پر سب چیزوں کو سِل پر باریک پیس لیں۔ بادام پستہ پانی میں بھگو کر باریک کاٹ لیں۔ کشمش کو گھی میں تل لیں۔ پیاز کے لچھے کاٹ کر گھی میں تل لیں۔ یہ سب چیزیں ملا کر کوفتوں کے اندر بھر لیں۔ ان کو ڈبل روٹی کا چورا اور انڈا لگا کر تل لیں۔ باقی سامان کا شوربہ تیار کر لیں اور اس میں تلے ہوئے کوفتے رکھ کر پیش کر یں۔
٭٭٭٭٭
کلیجی لال مصالحہ
اجزا:
بکرے کی کلیجی 1کلو
لہسن پیسٹ 1 کھانے کا چمچ
ادرک پیسٹ 1 کھانے کا چمچ
نمک حسبِ ذائقہ
پیاز 2 عدد (باریک چوپ کرلیں)
گرم مصالحہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
تیل آدھا کپ
کشمیری مرچیں 2-3 عدد
سرکہ چوتھائی کپ
دہی 1 کپ
ٹماٹر پیوری آدھا کپ
الائچی پاؤڈر چوتھائی چائے کا چمچ
ترکیب:
کشمیری مرچوں کو دھو کر سرکے میں 1 گھنٹہ بھگو دیں اور باریک پیسٹ بنالیں۔ ایک دیگچی میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر براؤن کرلیں اور نکال کر دہی کے ساتھ پیس لیں۔ بچے ہوئے تیل میں کلیجی اور لہسن ادرک پیسٹ ڈال کر بھونیں۔ کشمیری مرچ کا پیسٹ، نمک اور ٹماٹو پیوری ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ کلیجی گل جائے تو دہی پیاز کا آمیزہ، گرم مصالحہ پائوڈر اور الائچی پاؤڈر ڈال کر پکائیں۔ بھون کر سرونگ ڈش میں نکال کر سرو کریں۔
عربی ران روسٹ
اجزا:
دستی یا ران ڈیڑھ کلو
لہسن ادرک پیسٹ 2 چائے کے چمچ
لال مرچ پاؤڈر 1 کھانے کا چمچ
دہی 1 کپ
جائفل جاوتری پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
پپیتا پیسٹ 3 کھانے کے چمچ
نمک حسبِ ذائقہ
چاٹ مصالحہ 1 چائے کا چمچ
زیرہ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ
کُٹی سیاہ مرچ 1 چائے کا چمچ
تیل آدھا کپ
لیموں سرونگ کیلئے
ترکیب:
ران میں اچھی طرح کٹ لگا لیں۔ پھر تمام مصالحے ایک پیالے میں اکٹھا کر لیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔ ران پر تمام مصالحہ لگا کر 6-7 گھنٹے کیلئے چھوڑ دیں۔ اب ایک بڑے دیگچے میں تیل گرم کر کے ران اس میں رکھیں۔ ڈھکن سے ڈھک کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔ تھوڑی دیر بعد ران پلٹ دیں اور پکائیں۔ جب ران گل جائے اور تیل الگ ہو جائے تو ران ڈش میں نکال لیں اور لیموں، سلاد، نان کے ساتھ سرو کریں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
٭٭٭٭٭
Prev Post