ولی بابر کیس کے چشم دید گواہ قتل کرنے والے 2 متحدہ ٹارگٹ کلر گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر کے قتل کے چشم دید گواہ کے قتل میں ملوث متحدہ لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ٹارگٹ کلرز نے دوران تفتیش 7 افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور 4 بڑی ڈکیتی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے پاک کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے صحافی ولی خان بابرکے قتل کے چشم دید گواہ علی حیدر کے قتل میں ملوث متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر فیصل عرف پنجابی اور مرزا منصور بیگ کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا، اس حوالے سے ایس ایس پی ایس آئی یو پیر فرید جان سرہندی نے بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز شاہ فیصل عرف پنجابی اور مرزا منصور بیگ نے2011 میں نجی ٹی وی کے رپورٹر ولی خان بابر کے چشم دید گواہ علی حیدر کو ساتھیوں کے ساتھ مل کر سولجر بازار میں قتل کیا تھا، ایس ایس پی کے مطابق دونوں ٹارگت کلرز فیصل عرف پنجابی اور مرزا منصور بیگ کو گزشتہ روز پاک کالونی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کے خلاف علی حیدر کے قتل کا مقدمہ ایس آئی یو میں درج کرلیاگیا ہے، ایس ایس پی کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم فیصل عرف پنجابی اور مرزا منصور بیگ نے دوران تفتیش انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ سے ہے، ٹارگٹ کلر شاہ فیصل عرف فیصل پنجابی اور مرزا منصور بیگ کو پاک کالونی سیکٹر انچارج دلاور نے سیکٹر ممبر پی آئی بی صابر سے ملوایا، وہ صابر، امجد عرف باواقبال عرف شامی اور شاہ نواز کے ساتھ مل کر علی حیدر کے گھر گئے اور صابر نے مٹھائی دینے کے بہانے سے مجھے گھر کا دروازہ بجانے کا کہا، علی حیدر کے باہر آتے ہی اس پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، ملزم شاہ فیصل عرف فیصل پنجابی کو علی حیدر پر فائرنگ کے لئے اسلحہ دلاور نے فراہم کیا تھا اور علی حیدر کے قتل کی منصوبہ بندی دلاور اور صابر نے کی تھی، علی حیدر کا قتل عدالت میں گواہی دینے کے بعد کیا، ملزم نے بتایا کہ علی حیدر کے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ صابر کو واپس کردیاتھا، علی حیدر کے قتل سے قبل گھر کی ریکی صابر نے کی،دونوں ٹارگٹ کلرز نےاندورون سندھ اور کراچی میں 7 افراد کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے حیدری، نارتھ کراچی، واٹر پمپ اور گلستان جو ہر کی مارکیٹوں میں چار بڑی ڈکیتیوں اور سال 2014 میں منی ایکسچینج کے ملازم سے60 لاکھ روپے لوٹنے کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزمان نے اپنے ٹارگٹ کلر ساتھی شاہنواز عرف ارشد کالا کو ناظم آباد کے علاقے میں فائرنگ کر کے قتل کیا۔ گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13/D میں بھی ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے اعظم نامی نوجوان کو موت کی نیند سلایا۔