قربانی کے دوران تکرار پر 7 افراد قتل

0

مردان/ کراچی(نمائندہ امت/ اسٹاف رپورٹر) مردان میں قربانی کے دوران تکرار پر 7 افراد قتل اور 5 کو زخمی کردیا۔مقتولین میں دو بھائی اور ایک راہگیر بھی شامل ہیں۔نیو کراچی میں جانور باندھنے پر تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جان سے گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ طورو کے علاقے سیرے کورونہ ڈھکی میں نماز عید کے بعد قربانی کے دوران تکرار پر فائرنگ سے 7 افراد ہلاک اور5 افراد زخمی ہوگئے۔فریقین قریبی رشتہ دار تھے، جن کے درمیان دو،تین مہینے پہلے تکرار ہوئی تھی۔ عید کے دن خان غالب اور اس کے بیٹوں نے موقع پاکر اکرام گروپ پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے۔مقتولین میں ایک راہگیر اور 2بھائی بھی شامل ہیں۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر 2ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر قتل کے الگ الگ مقدمات درج کئے ، جس میں فریق اول کے زخمی اکرام حسین نے واقعہ میں ملوث 4ملزمان خان غالب ولد خواص خان، ان کے 3بیٹوں ساجد ، عابد اور ماجد کے خلاف مقدمہ کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے نوشیر خان ولد خواص خان کے دوبیٹے محمد حسین، مبصر،سرتاج ولد خان زادہ جاں بحق ہوئے، جبکہ مدعی مقدمہ اکرام حسین خود اپنے دوسرے ساتھی رخسار علی سمیت زخمی ہوگئے۔اسی طرح فریق دوم خان غالب کی طرف سے خاتون مسماۃ دل افضلہ بیوہ راج ولی نے 4ملزمان اکرام ولد نوشیرخان ،صدام ،علی شیر پسران نوشیر اور ظہور ولد گل خان کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے خان غالب فریق کا بھائی، ان کا شوہر راج ولی ولد خواص خان، ان کابھتیجا صابر ولد وارث خان ، سرتاج ولد خان زادہ اور راہگیر بدیع الزمان ولد فضل الرحمان جاں بحق ہوگئے، جبکہ موسیٰ ولد سرتاج کے علاوہ 2بہن بھائی راہگیر شہزاد ولد عبدالوہاب اور مسماۃ شامیہ دختر عبدالوہاب بھی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔دریں اثنا نیوکراچی تھانے کی حدود نیوکراچی سیکٹر الیون ای مسلم ٹاؤن میں گلی کے اندر جانور باندھنے کے دوران 2افراد میں جھگڑا ہوگیا اور اسی دوران ایک شخص نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گلی میں کھڑا 15سالہ نوجوان گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ایس ایچ او ماجد کورائی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت سفیان ولد عبدالحمید کے نام سے ہوئی۔ منگل اور بدھ (چاند رات) کی درمیانی شب گلی میں جانور باندھنے کے معاملے پر قمر اور عارف نامی افراد کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔اسی دوران قمر نے عارف پر فائرنگ کردی، جس کی زد میں سفیان آگیا۔ملزم قمر فرار ہوگیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More