صوابدیدی فنڈز ختم – میٹرو منصوبوں کی تحقیقات کا فیصلہ

0

اسلام آباد (نمائندہ امت/ ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے صدر مملکت، وزیراعظم اور وزرا کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دیدی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بننے والے تمام میٹرو منصوبوں کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے سرکاری خزانے کو اپنی جاگیر کی طرح استعمال کیا، نواز شریف نے 21 ارب روپے، صدر مملکت نے 8 سے 9 کروڑ روپے کے صوابدیدی فنڈز استعمال کیے، جبکہ 30ارب روپے اراکین قومی اسمبلی نے استعمال کیے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ہفتے کی چھٹی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم سرکاری دفاتر کے اوقات اب 9 سے 5بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز بھی دفاتر میں کام 5بجے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دوروں میں اپنا خصوصی جہاز استعمال نہیں کریں گے۔ وہ غیر ملکی دوروں کے لیے کلب کلاس میں سفر کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کیڈ کی وزارت ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے اور اس کے ماتحت اداروں کو دیگر وزارتوں میں ضم کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ حکومت کے میٹروبس منصوبوں، اورنج میٹرو ٹرین اور گرین لائن بس منصوبے کی بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے پشاور میٹروبس منصوبے کی بھی تحقیقات کرانے کی سفارش کی ہے۔ کابینہ نے تمام ماس ٹرانزٹ منصوبوں کا فوری فرانزک آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور سفارش کی ہے کہ ایف آئی اے، نیب سے تمام منصوبوں کی غیرجانبدار تفتیش کرائی جائے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ہر محکمے میں حاضری یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک اور مانیٹرنگ سسٹم لگانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پاور ڈویژن نے سابقہ حکومت کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کو غلط قرار دے دیا۔ حکام نے بریفنگ میں کہا کہ ڈسکوز کے 39 فیصد فیڈرز پر2 سے 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، سندھ، کے پی اور بلوچستان میں سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ پر لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں5 سال کے دوران 10 ارب درخت لگانے اور صفائی مہم فوری شروع کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ صفائی مہم کا آغاز اسلام آباد سے کیا جائے گا۔ تمام صوبوں اور محکموں سےصفائی مہم کے لیے رابطے کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More