فضائی ٹکٹ مہنگے ہونے کے باوجود سی اے اے کی آنکھیں بند

0

کراچی( رپورٹ:سید نبیل اختر)عید الاضحی کی تعطیلات ختم ہونے کے باوجود فضائی کمپنیوں کی جانب سے کرایوں میں کمی نہیں کی گئی ۔پی آئی اے ودیگر نجی فضائی کمپنیاں یک طرفہ کرایہ20 سے 34 ہزار روپے وصول کر رہی ہیں۔شاہین ایئر کی بندش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریونیو مینجمنٹ سسٹم کے نام پر ٹکٹ 10 تا12 ہزار روپے مہنگے کئے گئے۔کراچی ، اسلام آباد و لاہور کے ساڑھے 4 سو مسافر یومیہ مہنگا کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں لیکن سول ایشن اتھارٹی نے کوئی ایکشن لینے کے بجائےاپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ 3 جہازوں کے ساتھ فلیٹ آپریشن کرنے والی سیرین ایئر لائن کراچی سے اسلام آباد کا سفر کرنے والوں سے 34 ہزار روپے تک کرایہ وصول کر رہی ہے۔اس کمپنی کے اہم عہدیدار سی اے اے میں کلیدی عہدے پر فائز رہ چکے ہیں جس کی وجہ سےاسےکھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ملکیتی ایئر بلیو بھی یک طرفہ کرایہ23 ہزار روپے وصول کر رہی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ موجودہ ڈی جی سی اے اے کاتقرر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی کابینہ کے آخری اجلاس میں کیا اور انہیں جوائنٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے ڈی جی کے عہدہ پر ترقی دیدی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ادارے کے تمام ڈائریکٹرز کو ایئر بلیو کو ہر صورت میں زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کی زبانی ہدایات دے رکھی ہیں۔موقع غنیمت جانتے ہوئے پی آئی اے نے بھی ریونیو منیجمنٹ کے تحت بزنس کلاس کا یک طرفہ کرایہ 31 ہزار جب کہ اکانومی کلاس کے21 ہزار وصول کرنا شروع کرد یئے ۔ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے طیارے زیادہ ہونے کی وجہ سے کم کرائے وصول کر رہی ہے۔ایئر بلیو کے پاس 7 اور سیرین ایئر کے 3 طیارے آپریشنل ہیں۔سیرین ایئر کے کرایوں کے تفصیلات حاصل کی تو معلوم ہوا کہ اتوار کیلئے کی گئی بکنگ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز ای آ ر 540 کا یک طرفہ کرایہ34 ہزار، ای آر 500 کا کرایہ 31 ہزار جبکہ ای آر 502 اور 504 کا کرایہ بالترتیب 18 ہزار 920 و17 ہزار320 روپے وصول کیا جا رہا ہے ۔پیر کیلئے34 ہزار روپے سے 17 ہزار 320 روپے ،28 اگست کو 15 ہزار 130 روپے اور 29 اگست کو13 ہزار 880 روپے سے 34 ہزار روپے تک کرائے وصول کئے جا رہے ہیں۔ایئر بلیو کی اتوار کوکراچی سے اسلام آباد کی فلائیٹ پی اے 204 کا کرایہ 16 ہزار 728 روپے،پی اے 200 کا کرایہ 13 ہزار 945 روپے وصول کیا جا رہا ہے۔27 اگست کو 17 ہزار 358 ، 28 اور 29اگست کو 15 ہزار 310 روپے تک کرایہ وصول کیا جا رہا ہے ۔قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی اتوار کو کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 368 اور پی کے 308 میں بزنس کلاس کا یک طرفہ ٹکٹ 27 ہزار 458 جبکہ پی کے 1852 میں 31 ہزار 133 روپے اسی طرح پی کے 368 میں اکانومی کلاس کا ٹکٹ 15 ہزار 960 روپے جبکہ پی کے 300، 308 ،1852 اور پی کے 372 کا ٹکٹ 20 ہزار 685 روپے میں فروخت کیا جاتا رہا ۔امت کے رابطے پر سی اے اے کے ترجمان پرویز جارج کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں فضائی کرائے ریونیو مینجمنٹ سسٹم کے تحت کم یا زیادہ کئے جاتے ہیں ۔ پاکستانی فضائی کمپنیوں کے کرائے مانیٹر کئے جا رہے ہیں ، اس بات کا احساس بھی ہے کہ کرایہ مسافروں سے زیادہ وصول کیا جا رہا ہے تاہم فضائی کمپنیوں کا موقف ہے کہ وہ سسٹم کے مطابق کرائے وصولی کر رہی ہیں۔انہوں نے غیرملکی ایئر لائن امارات کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی سے دبئی کا کرایہ ایک لاکھ روپے تک وصول کیا گیا ہے۔عام طور پر دوطرفہ کرایہ30 سے 34 ہزار فی ٹکٹ وصول کیا جاتا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More