آرٹی ایس ناکامی کی تحقیقات کیلئے تکنیکی کمیٹی کی تجویز
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے وزیراعظم عمران خان کو آر ٹی ایس کی ناکامی پر تکنیکی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے وزیراعظم عمران خان سے الیکشن نتائج کے ترسیلی نظام (آر ٹی ایس) کی ناکامی پر ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی ہے۔ رحمان ملک نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا کہ سینیٹ نے 12 جولائی کو کمیٹی کو الیکشن کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی تھی، بطور وزیرِداخلہ عمران خان کمیٹی کے رکن اور تحقیقات میں تعاون کرنے کے پابند ہیں۔رحمان ملک نے خط میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کمیٹی کی ہدایات پر کابینہ ڈویژن کو ٹیکنیکل کمیٹی بنانے کے احکامات 2 اگست کو جاری کیے، 3 ہفتے گزر گئے مگر کابینہ ڈویژن نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، آر ٹی ایس کی ناکامی کی وجوہات معلوم کرنا اور ذمہ داروں کا تعین کرنا ضروری ہے۔رحمان ملک نے کہا کہ سینیٹ کمیٹی کی تکنیکی معاونت کیلئے پی ٹی اے اور این ٹی آئی ایس بی ماہرین پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے، کابینہ ڈویژن کو کمیٹی تشکیل دینے کی فوری ہدایات جاری کی جائیں۔