چیف کمرشل منیجر ریلوے کا شیخ رشید کے ماتحت کام کرنے سے انکار

0

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے رویے سے نالاں ریلوے کے چیف کمرشل منیجر محمد حنیف گل نے سیکرٹری ریلوے کو دو برس کی چھٹی کی درخواست دے دی۔ ’’امت‘‘ کو دستیاب درخواست میں حنیف گل وزیر ریلوے کے رویے کا شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے رویے کو انتہائی ’’غیر پیشہ ورانہ‘‘ اور ’’غیر مہذب‘‘ قرار دیتے ہوئے حنیف گل کا کہنا ہے کہ پاکستان سول سروسز کے ایک باعزت افسر کے طور پر وہ شیخ رشید کے ماتحت کام نہیں کر سکتے، جبکہ وزیر ریلوے کو بھی حق حاصل ہے کہ انہیں کام کرنے کے لیے ایسی ٹیم میسر آئے جو ان کے ویژن کے مطابق کام کر سکے۔ حنیف گل نے درخواست میں سیکرٹری ریلوے سے 730 دن کی چھٹی مانگی ہے۔ترجمان ریلوے نے مذکورہ درخواست ملنے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس کے دوران چیف کمرشل منیجر حنیف گل کے درمیان اختلافات سامنے آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ریلوے افسران نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ سال ریلوے کی آمدن میں خاصا اضافہ ہوا جس پر وشیخ رشید نے کہا کہ میرے سامنے کسی وزیر کی تعریف نہ کیا کریں اور مجھے رضیہ بٹ کے قصے بھی نہ سنائیں۔دریں اثنا وزیرریلوے نے افسران کے دفتری اوقات میں شام 6 بجے تک اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 دسمبر تک ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کر دیں گے۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے 120دن کی ڈیڈ لائن دی ہے، 20 دسمبر تک ریلوے اپنے قدموں پر کھڑا ہوگا اور خسارہ اسی سال کم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافے کے لیے کرائے نہیں بڑھائے جائیں گے، بلکہ مال برداری میں اضافے کے ذریعے آمدن میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کامزید کہنا تھا کہ ریلوے سے پیار پاکستان سے پیار ہے،ریلوے کوایران اورترکی کی طرف لیکرجائیں گے اور اپنی ریل کو دوسرے ملکوں کی طرح بنائیں گے،دنیابھرمیں ٹریک لگانے کی اپنی فیکٹریاں اورلوکوموٹیوہیں،سی پیک منصوبے کے لئے سٹینڈرڈگیج کی طرف جاناچاہیے۔شیخ رشیداحمد کا مزید کہنا تھا کہ آن لائن ٹکٹنگ کا نظام10سال قبل ہم نے متعارف کرایا تھا،اب بھی ہم ہی آن لائن ٹکٹنگ کے لئے سہولتیں فراہم کریں گے،اس کے ساتھ ساتھ ملک کے اہم ریلوے سٹیشنزپرایلیویٹرلگائیں گے،ملک بھرمیں ریلوے کی زمین سے تجاوزات توڑدیں گے اور عمران خان کے وژن کے مطابق غریبوں کوحقوق دیں گے،ریلوے ملازمین کے لئے رہائشی پلازے تعمیرکریں گے۔وزیرریلوے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے ہیڈآفس میں ہفتے کوچھٹی نہیں ، پہلے روز سے میرا ماٹو آرام حرام ہے ،ریلوے کے آفیسرایک گھنٹامزیدکام کریں گے اور 5 کے بجائے شام 6 بجے تک کام ہوگا ،آج میرادوسرادن ہے،کراچی،سکھر،پشاور اورکوئٹہ بھی جاؤں گا،ہفتہ میں ایک دن لاہور میں رہوں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More