پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا۔بھتیجےقاتل نکلے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلوچ کالونی پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا ۔بھتیجے قاتل نکلے ملزمان نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق منظور کالونی لکڑی کے کارخانے میں بھتیجے نے چچا کو تلخ کلامی کے بعد سر پر رندے کے وار سے شدید زخمی کردیا تھا۔ ایس ایچ او نوید سومرو نے بتایا کہ 14اگست کی رات لکڑی کے کارخانے میں مقتول اشرف کے بھتیجے محمد کاشف اور انیق خالد اپنے دوستوں کے ساتھ چرس پی رہے تھے،مقتول نے انہیں منع کیا تو ان میں تلخ کلامی ہوگئی جس پر ملزمان نے طیش میں آکر اشرف کو سر پررندے کے وار کرکے شدید زخمی کردیا ۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان جناح اسپتال میں اپنے چچا اشرف کا علاج کراتے رہے، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ملزمان نے خاموشی سے مقتول کی تدفین کردی۔چندروز بعد حقیقت کھلنے پر مقتول کی بیوہ زاہدہ نے پولیس سے رابطہ کر کےبتایا کہ اس کے شوہر کا انتقال نہیں ہوا بلکہ اسے قتل کیا گیا تھا ، جس پر پولیس نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو ملزمان نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا۔