این اے 60 – عوامی مسلم لیگ – تحریک انصاف میں کھینچاتانی برقرار

0

راولپنڈی ( اسد اللہ ہاشمی) پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 60سے عوامی مسلم لیگ کے رہنماشیخ راشد شفیق کو الیکشن لڑنے کےلئے گرین سگنل دے دیا ۔پی ٹی آئی کے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ کے لئے لابنگ شروع کر دی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے رہنماو امیدوار حلقہ این اے 60شیخ راشد شفیق نے دعوی کیا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے ٹکٹ ملنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔عوامی مسلم لیگ کے امیدوار ضمنی الیکشن میں بلے کے نشان پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں ۔دوسری جانب مسلم لیگ ن نے ابھی تک باقاعدہ مہم کا آغاز نہیں کیا ۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن حنیف عباسی کے بیٹے حماس عباسی یا سابق تحصیل ناظم سجادخان میں سے کسی ایک کو میدان میں اتارے گی ۔ مسلم لیگ ن کے رہنماو سنیٹر چوہدری تنویر خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے بیٹے دانیال چوہدری کو میدان میں اتارنے کے لئے صلاح مشورے شروع کر دیئے ہیں ۔ ن لیگ کے مقامی رہنما سجاد خان کے حق میں دکھائی دیتے ہیں جبکہ تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے درمیان کھینچا تانی جاری ہے ۔عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ راشد شفیق نے دعوی کیا ہے کہ وہ بیٹ کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے اور پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ان کو الیکشن لڑنے کے لئے ٹکٹ دینے کے لیے گرین سگنل دیا ہے۔ ادھرتحریک انصاف راولپنڈی کے رہنماوں نے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے پی ٹی آئی کے مقامی رہنمااس سیٹ پر اپنا امیدوار لانے کےلئے سر دھڑ کی بازی لگا رہے ہیں ۔ تحریک انصاف کی جانب سے راجہ محمد علی ،سابق ایم پی اے عارف عباسی ، شہریار ریاض ،مصدق گھمن ، ظہیر اعوان ، اپنے طور پر الیکشن مہم چلا رہے ہیں ،تمام امیدواروں نے ٹکٹ کے حصول کے لئے لابنگ بھی شروع کر دی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار مختار عباس ہو نگے جنہوں نے عام انتخابات میں بھرپور تیاری کی ہوئی تھی اور پیپلز پارٹی اس مرتبہ پھر ان کو میدان میں اتارے گی ۔ ایم ایم اے اس مرتبہ مسلم لیگ ن کو سپورٹ کر سکتی ہے تاہم اس حوالے سے ایم ایم اے ضلع راولپنڈی کی قیادت نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک دو روز میں ایم ایم اے اس امرکافیصلہ کر لے گی کہ اس نشست پر کسی پارٹی کی حمایت کرنی ہے یا اپنا امیدوار لانا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More