4 تھانیداروں نے عید پر جوئے کے اڈوں سے لاکھوں کما لئے

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی پولیس کے 4 تھانیداروں نے اپنے علاقوں میں جوئے، سٹے اور منشیات کے اڈوں کی موکل دینے کے بعد لاکھوں روپے کما لئے، پولیس نے عید کے تینوں روز مذکورہ اڈوں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور جواری کھلے عام پولیس سرپرستی میں کروڑوں کا جوا کھیلتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق جیکسن، شرافی گوٹھ، لانڈھی اور قائد آباد پولیس نے بقر عید سے 2روز قبل اپنی حدود میں اڈوں کی موکل دینے کے بعد بطور ایڈوانس لاکھوں روپے رشوت لیکر جوئے، سٹے اور منشیات کے اڈے کھلوا دیئے تھے۔ ’’امت‘‘ کو معلوم ہوا ہے کہ 21جولائی کی رات قائد آباد میں اسپیشل پارٹی کے اہلکاروں نے 6مقامات پر جوئے اڈے کھلوائے۔ قائد آباد تھانے سے منسلک باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسپیشل پارٹی کے انچارج ایس آئی احمد نیازی نے تھانے کی حدود میں بد نام جواریوں کو 3دن کیلئے جوئے اور سٹے کی موکل دی، جہاں مانگ پتہ، رمی، چرخی اور چھکے پر یومیہ لاکھوں کا جوا کھیلا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپیشل پارٹی میں تعینات عمران اللہ ، کاظم شاہ، ارشد خان، راجہ اسرار کشمیری، صفدر اور راجہ امتیاز جو ملازمت سے برطرف ہے، احمد خان نیازی کیلئے فی اڈہ یومیہ 50ہزار روپے بھتہ جمع کرتے رہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شیرپاؤ کالونی، داؤد چالی، مظفرآباد، ہڈی مل، پی ایچ اے فلیٹس کی عقب اور کالاپانی کے 2 مقامات پر جوئے اور سٹے کے اڈے قائد آباد کی اسپیشل پارٹی کی سرپرستی میں چل رہے تھے۔ صمد گل کا اڈہ داؤد چالی، ہڈی مل کے علاقے پی ایچ فلیٹس کے عقب میں خیات عرف خیاتے اور شریف بنگش اپنے کارندوں کے ذریعے جوئے کا اڈا چلا رہا تھا، شیرپاؤ کالونی میں عارف، مظفرآباد میں شاہد عرف سواتی، کالاپانی میں فضل نامی اور اس کا دست راست بختیار اڈا چلا تا رہا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسپیشل پارٹی کا عمران اللہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے دور میں شیرپاؤ کالونی پکوڑا اسٹاپ کے پاس عارف کے جوئے اڈے سے یومیہ 80ہزار روپے بیٹ وصول کرتا تھا، مذکورہ اڈہ رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کے بعد بند کردیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ سے ایک دن قبل اسپیشل پارٹی کے انچارج احمد خان نیازی نے اپنے خصوصی کارندوں کو اعتماد میں لیکر قائد آباد میں جوئے کہ اڈوں کی موکل دی تھی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شرافی گوٹھ کے علاقے فیوچر کالونی میں بدنام جواری شاہ ولی نے اپنے کارندوں کے ذریعے جوئے کا اڈا کھول رکھا تھا، جس سے یومیہ 50ہزارروپے بیٹ شرافی گوٹھ تھانے کا اہلکار رانا خالدوصول کرتا تھا۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لانڈھی تھانے کے عقب میں بدنام زمانہ جواری شاہد کو اڈہ کھولنے کی موکل تھانے سے دی گئی تھی، جس کے بعد شاہد نے عید الاضحی کے تینوں دن کھلے عام پولیس سرپرستی میں اڈہ چلایا، جہاں چرخی، مانگ پتہ، رمی اور کھوڑی پر لاکھوں روپوں کا جوا کھیلا گیا، جس کیلئے ایس ایچ او لانڈھی کو یومیہ 80ہزار روپے دیئے گئے۔ جیکسن پولیس نے عیدالاضحی پر 6لاکھ روپے بھتے کے عوض جوئے سٹے کی موکل دی تھی، اڈا چاند رات سے ہی قائم کر دیا گیا تھا، جس کی سیکورٹی اسپیشل اہلکاروں کے سپرد تھی، مذکورہ اہلکاروں کو ایس ایچ او کی جانب سے یومیہ 5ہزار روپے دیئے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ جیکسن تھانے کے ذرائع کے مطابق عید الاضحیٰ سے 4روز قبل سر جانی کے بدنام جواری اسلم عرف چانڈیو اور اسکے کارندوں پپو ملتانی، شیر زمان اور ظہورنے کیماڑی کے مشہور ریسٹورنٹ میں ایس ایچ او جیکسن سے جوئے سٹے کے اڈے کی موکل کے سلسلے میں ملاقات کی، جس میں اسلم عرف چانڈیونے جنرل آباد میں عید پرجوئے کا اڈا چلانے کے حوالے سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او جیکسن نے یومیہ 3لاکھ روپے بھتے کے عوض اسلم عرف چانڈیو سے بات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ اڈے پر جیکسن اسپیشل پارٹی کے 6اہلکار سادہ لباس میں سیکورٹی فرائض انجام دیں گے، جنہیں یومیہ 5ہزار اسلم چانڈیو ادا کرے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ اسلم عرف چانڈیو کی ایس ایچ او جیکسن کیساتھ کورنگی تھانے کے چارج کے وقت سے اچھےمراسم بتائے جاتے ہیں، جبکہ اسلم عرف چانڈیو کورنگی مہران ٹاؤن میں بھی جوا اڈہ چلا چکا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More