زمین فروخت سے انکار پر لڑکی اغوا کا انکشاف
ڈہرکی ( نمائندہ امت ) اوباڑو کے نواحی علاقے کموں شہید کے قریب گاؤں حسین چاچڑ میں بااثر اللہ داد چاچڑ کو غریب کاشتکار شریف سومرو نے اپنی دس ایکڑ زمین فروخت کرنے سے انکار کیا ،جس پر اسکے بیٹے عبدالحمید چاچڑ نے مسلح کارندوں کے ہمراہ ڈیڑھ ماہ قبل گھر میں زبردستی داخل ہوکر 15 سالہ لڑکی وزیراں سومرو کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر قید کر لیا۔ گزشتہ روز متاثرہ خاندان کے شریف سومرو، زرینہ سومرو، شہلا سومرو، ثانیہ سومرو، ایوب سومرو اور دیگر نے بتایا کہ گاؤں کے اللہ داد چاچڑ ہماری دس ایکڑ زمین ہتھیانہ چاہتے ہیں، ہم نے انکار کیا تو ڈیڑھ ماہ قبل اللہ داد چاچڑ اپنے بیٹے عبدالحمید چاچڑ اور مسلح کارندوں کے ہمراہ گھر میں داخل ہوکر ہماری بیٹی وزیراں سومرو کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر قید کر دیا ہے اور بااثر افراد نے کہا ہے کہ جب تک مذکورہ زمین ہمارے حوالے نہیں کرو گے تب تک لڑکی کو آزاد نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس سے رابطہ کیا ہے۔ مگر پولیس ٹال مٹول کر رہی ہے۔ مذکورہ بااثر افراد دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر زمین حوالے نہیں کی تو بیٹی کو قتل کر دیں گے۔