کراچی پیکیج و میگا منصوبوں سے دیرینہ مسائل حل ہوں گے-گورنر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نےنے کہا ہے کہ نیا پاکستان دراصل قائد اعظم کا ہی وژن ہی ہے، جس کا بیڑا وزیر اعظم عمران خان نےاٹھایا ہے۔ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، جی ڈی اے اورایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کیساتھ ملکر صوبے کی ترقی کیلئے کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میگا سٹی کے دیرینہ مسئلہ پانی کے حل کیلئے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خزانہ نے یقین دلایا ہے کہ پانی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ بعد ازاں ان کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہیں وفاق کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گورنر نے کہا کہ وفاقی منصوبوں بشمول کرچی پیکیج کی تکمیل سے شہر کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔گورنر کو بتایا گیا کہ سرجانی تا گرو مندر گرین لائن منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ گورنر کو کراچی پیکیج کے تحت کے ڈی اے، فائیو اسٹار اور سخی حسن چورنگی فلائی اوور کی تعمیر منگھوپیر اور نشتر روڈ کی ازسرنو ترمیر سمیت بلدیہ عظمیٰ کیلئے فائر فائٹنگ کے آلات و مشینری کی خریداری پر بریفنگ دی گئی۔ گورنر نے افسران کو ہدایت کی میگا منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کے ضمن میں ورکنگ پیپر تیار کیا جائے۔