پاکپتن معاملے پر بنی گالہ یا پنجاب حکومت نے مداخلت نہیں کی- ترجمان
لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ڈی پی او پاکپتن کے معاملے میں بنی گالہ یا پنجاب حکومت کی جانب سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ،شہریوں کی جانب سے ان کے خلاف بد تمیزی کی کئی درخواستیں آ چکی تھیں جس پر آئی جی پنجاب نے اپنے طو رپر تحقیقات کا حکم دیا، طیارے کا استعمال وزیر اعلیٰ پنجاب کا استحقاق ہے اور ان کی فیملی نے اکیلے نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ سفر کیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے دعوی کیا کہ سابقہ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کو اقربا پروری، مورثیت اور کرپشن سے پیار اور محبت تھی۔10برسوں میں عوام کا معاشی اور معاشرتی استحصال کیا گیا، گڈ گورننس کی چھتری اور غلاف کے نیچے بیڈ گورننس کا طوفان بد تمیزی برپا رہا۔ پولیس، پٹوار، واسا، انتظامیہ، صحت، زراعت اور صنعت میں تباہ حالی کی داستانیں رقم ہوئی ہیں۔ پہلے 100دنوں میں اسمبلی کی کمیٹیاں بنیں گی تو سب سامنے آئے گا کہ یہاں کیا ہوتا رہا ہے اور آنکھیں کھلی رہ جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سابقہ حکومت کی طرح اس وزارت کو کسی سیاسی جماعت کے قائد،ان کی گھریلو زندگی اور مرد و خواتین کے خلاف منفی پروپیگنڈے کیلئے استعمال نہیں کریں گے۔