ہیلی کاپٹر استعمال نہ ہوا تو روٹ لگے گا-فواد چوہدری

0

اسلام آ باد (نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ہیلی کاپٹر کو سستا ترین ذریعہ سفرقرار دیتے ہوئے وزیراعظم کیلئے روٹ لگانے کا انتباہ دےدیا۔منگل کے روز پی آئی ڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنی گالاجانے کیلئے دو راستے ہیں یا تو وزیراعظم عمران خان ہیلی کاپٹر پر جائیں یا پھر ان کیلئے روٹ لگایا جائے اور وہ سیکورٹی قافلے کے ساتھ نکلیں، جس کیلئے راستے بند کرنا پڑیں گے اور عوام کو تکلیف ہوگی ۔ہم نہیں چاہتے کہ لوگ پریشان ہوں۔وزیراعظم کے4 ہیلی کاپٹرز ہیں، اس لئے فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان انہی سے جائیں۔اس طرح وہ اپنا تحفظ بھی یقینی بناتے ہیں اور لوگوں کو بھی زحمت سے بچاتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور وی ٓآئی پی کلچر میں فرق ہوتا ہے ،کیا وزیر اعظم کو اوبر (ٹیکسی سروس) پر آ نا چا ہیئے ۔یہ سا بقہ حکومت کا دورنہیں، جب نواز شریف کے لیے وزیر اعظم ہاوس سے کھانا بھی مری ہیلی کا پٹر پر جاتا تھا۔انہوں نے دعوی کیا کہ وزیراعظم صرف ویک اینڈ پر بنی گالا آتے ہیں ۔باقی ہفتہ وزیراعظم ہاؤس کی اسٹاف کالونی میں رہتے ہیں۔دریں اثنا ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدارکی اہل خانہ کے ہمراہ سرکاری طیارے میں سفر کی تصویر کی عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس معاملے پر تنقید کی کوئی تُک ، کوئی جواز سمجھ نہیں آتا؟ اگر وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری طیارے میں اکیلے آرہے ہیں اور ان کی فیملی بھی ان کے ساتھ آ گئی ہے تو اس میں کیا بڑی بات ہے؟ کیا لوگ یہ چاہتے ہیں کہ طیارہ اسلام آباد سے لاہور خالی آتا؟ اس سے سادگی کا کیا تعلق ہے ؟ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے آ رہےتھے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کا سرکاری طیاروں کا استعمال مختلف تھا۔ان کیلئے 777 طیارہ بُک کیا گیا ،جس میں شریف خاندان لندن سے پاکستان آیا۔ اس وجہ سے پی آئی اے کی پوری فلائٹ کینسل ہوئی۔جب بھی ہم تنقید کرتے ہیں، تو ہمیں چاہئیے کہ ہم حقائق کو سامنے رکھیں اور تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہئیے۔ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہئیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More