جنگ65کے ہیرو مقبول حسین انتقال کر گئے۔سرکاری اعزاز کیساتھ آج تدفین

0

راولپنڈی (امت نیوز) جنگ65 کے عظیم پاکستانی ہیرو سپاہی مقبول حسین انتقال کر گئے۔انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے ترال کھل آزاد کشمیرمیں دفن کیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے بھی اس افسوسناک خبر پر ردعمل دیتے ہوئے سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ عوام کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر مرحوم سپاہی مقبول حسین کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت کیلئے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی مقبول حسین 1965 کی جنگ میں قیدی بنے تھے تاہم بھارت نے انہیں جنگی قیدی کا درجہ نہیں دیا اور جیل کے اندر بدترین تشدد کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے ان کی زبان کٹ گئی اور وہ بولنے کی قوت سے بھی محروم ہوگئے۔40 برس تک مسلسل اذیت کے بعد سپاہی مقبول حسین کو جب 2005 میں رہا کیا گیا تو ان کی جسمانی اور ذہنی صحت ابتر حالت میں تھی جس کے بعد سے وہ سی ایم ایچ اسپتال اٹک میں زیر علاج تھے اور گزشتہ روزاس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔مرحوم سپاہی مقبول حسین کو ملک و قوم کیلئے ناقابل فراموش خدمات انجام دینے پر23 مارچ 2009 کو ستارہ جرات سے نوازا گیا تھا۔مرحوم سپاہی مقبول حسین کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے ترال کھل آزاد کشمیر میں آج بروز بدھ کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More