جماعت اسلامی۔اہلسنت والجماعت کا خاکوں کیخلاف مظاہروں کا اعلان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی اور اہلسنت والجماعت نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف 31 اور 30 اگست کو مظاہروں کا اعلان کیا ہے ، جب کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت 7 ستمبر کو ریلی نکالے گی۔ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت اجلاس میں طے کیا گیا کہ نماز جمعہ کے بعد مساجد اور اہم مقامات پر 100 سے زائد مظاہرے کیے جائیں گے۔حافظ نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاکے پوری امت مسلمہ کے لیے چیلنج ہیں۔حکمران بزدلانہ کے بجائے جرات مندانہ موقف اختیار کریں۔مقابلوں کی منسوخی تک ہالینڈ سے سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے، جب کہ معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا جائے۔دریں اثنا مرکز اہلسنت میں اجلاس کے دوران اہلسنّت والجماعت کے مرکزی صدر و دیگر رہنمائوں نے اعلان کیا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے کے خلاف 30 اگست بروز جمعرات کو یوم شہادت عثمان غنیؓ کے موقع پر ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔ امت مسلمہ تحفظ ناموس رسالت کیلئے متحد ہے ۔ہر قسم کی گستاخی کے سدباب کے لیے او آئی سی کا اجلاس بلاکر ٹھوس لائحہ عمل تیار کیا جائے۔حکومت ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرکے تمام تعلقات ختم کرے۔دریں اثنا عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت 7ستمبر بروز جمعہ کو ڈھائی بجے جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹائون سے پریس کلب تک ریلی نکالے گی۔مجلس کے مبلغوں قاضی احسان و دیگر رہنمائوں نے تمام ائمہ کرام سے اپیل کی ہے کہ 31 اگست کو جمعہ کے اجتماعات میں ہالینڈ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائی جائیں اور عوام کو ہالینڈ کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی ترغیب دی جائے ۔