ڈومور کی امریکی گردان سابقہ حکمرانوں کی غلامانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے- ممتاز سہتو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا حالیہ بیان ناقابل قبول اور وزیراعظم عمران خان سے ڈومور کا مطالبہ سابقہ حکمرانوں کی غلامانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں جس کا خمیازہ ملک و قوم اور معیشت کی زبوں حالی بھی اسی کا نتیجہ ہے۔ جس سے کرائے کے قاتل کا کردار ادا کرنے والے حکمرانوں کو سبق سیکھنا چاہئے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ کسی بھی حکومت یا ان کی پالیسیوں سے اختلاف اپنی جگہ مگر ملکی سالمیت اور نظریہ پاکستان کی حفاظت کے لئے پوری قوم ایک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت ملکی مفاد میں پالیسیاں بنا کر ایٹمی پاکستان کے عزت و وقار کو بحال رکھے۔