پی سی بی کونیا نیوٹرل وینو تلاش کرنے کی ہدایت

0

امت رپورٹ
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی ہوم سیزیز کی میزبانی کیلئے پی سی بی کو نیا نیوٹرل وینیو تلاش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے بقول کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف کو اماراتی اسٹیڈیمز کے بڑھتے ریٹس پر تشویش لاحق ہے۔ جبکہ احسان مانی کے چیئرمین بننے کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پی ایس ایل سیزن فور امارات میں آخری ایڈیشن ہوگا۔ سیزن فائیو مکمل طور پر پاکستان یا کسی دوسرے ملک میں کرایا جائے گا۔ دوسری جانب خصوصی ڈسکائونٹ پر بھی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کیلئے بک کئے گئے دو اسٹیڈیمز کا کرایہ پی سی بی کو ڈھائی ملین ڈالر ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر پی سی بی پیٹرن انچیف نے کفایت شعاری کی پالیسی پی سی بی پر بھی لاگو کردی ہے۔ جس کے تحت سستے دام میں پی سی بی کو سری لنکا اور ملایشیا کے اسٹیڈیمز استعمال کرنے کی گائیڈ لائن دی گئی ہے۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹر نشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق امارات میں لیگز کی بہتات کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دوسرے ہوم گرائونڈ میں محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے طویل سیریز اب صرف دو اسٹیڈیمز میں ہی کھیلی جائیں گی۔ اگرچہ اماراتی حکام نے اسٹیڈیم کی بکنگ کیلئے پاکستان کو 35 فیصد رعایت کی ہے۔ لیکن اس کے باوجود بھی دو سیریز کی میزبانی کیلئے صرف اسٹیڈیمز کے حقوق حاصل کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پانچ حصوں میں ڈھائی ملین ڈالر ادا کرنے ہیں۔ اس کے علاوہ پی سی بی میں اماراتی حکام سے گیٹ منی، ٹکٹوں اور میزبانی کیلئے خصوصی باکسز سے حاصل ہونے والے سرمائے کو شیئر کرے گا۔ یوں پاکستان کیلئے دونوں سیریز کی میزبانی خالصتاً گھاٹے کا سودا بن گیا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور نامزد چیئرمین احسان مانی نے عمران خان کو دونوں سیریز سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی پیٹرن انچیف نے اماراتی اسٹیڈیمز سے نجات حاصل کرنے کو ناگریز قرار دیا ہے۔ انہوں نے احسان مانی کو ہدایت کی ہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو اور دیگر ہوم سیریز کیلئے ایسے مقام کا انتخاب کریں جہاں تماشائیوں کی تعداد زیادہ اور اسٹیڈیمز کے اخراجات کم ہوں۔ انہوں نے احسان مانی کو اپنا اثروسوخ استعمال کرکے جلد از جلد پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کا ٹاسک بھی دیدیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی دبئی اسپورٹس سٹی اور ابو ظہبی کی جانب سے بڑھتی ہوئی ڈیمانڈز کے سبب بیک اپ نیوٹرل وینوز کیلئے سری لنکن اور ملائیشین کرکٹ حکام سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ امارات میں میچوں کے انعقاد پر بہت زیادہ اخراجات آ رہے ہیں۔ اس سے قبل یو اے ای میں تین ہفتے کے دوران کھیلے گئے پی ایس ایل تھری کے میچز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چار ملین ڈالرز (42کروڑ روپے سے زائد) کی ادائیگی کرنا پڑی تھی۔ رواں برس مارچ میں پاکستان نے سُپر لیگ کے فائنل سمیت تین میچ کی میزبانی کی۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ کراچی کے باوجود اس سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سیریز نیوٹرل مقام متحدہ عرب امارات میں ہوں گی۔ پاکستانی گرائونڈ اس سال بھی غیر ملکی ٹیموں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی سے محروم رہیں گے۔ اس طرح پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹر نیشنل کرکٹ واپس لانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی اے ٹیم اور انگلینڈ لائنز نے بھی پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔ دونوں جونیئر ٹیموں کی میزبانی بھی پاکستان کو بیرون ملک کرنا پڑ رہی ہے، جس سے بھاری اخراجات آئیں گے۔ دبئی اور ابوظہبی کے اسٹیڈیم پاکستان کی سیریز کی میزبانی کریں گے۔ جبکہ غیر ملکی لیگز کی وجہ سے مصروف شارجہ کر کٹ اسٹیڈیم کو کسی میچ کی میزبانی نہیں دی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے طویل عرصے بعد دو غیر ملکی جونیئر ٹیمیں پاکستان اے کے خلاف سیریز کھیل رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ پروگرام کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہوں گی۔ جبکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے مابین 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز ہوں گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے دبئی میں ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 اکتوبر سے ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 26 اور 28 اکتوبر کو ہوں گے۔ ایک ٹی ٹوئنٹی ابوظہبی اور دو دبئی میں ہوں گے۔ آسٹریلیا کی ٹیم اپنے دورہ کا آغاز 29 ستمبر سے دو اکتوبر تک آئی سی سی اکیڈمی گرائونڈ میں چار روزہ میچ سے کرے گی۔ یہ میچ پاکستان اے کے خلاف کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز 31 اکتوبر، 2 اور 4 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ کا پہلا ٹی20 ابوظہبی اور بقیہ دو دبئی میں ہوں گے۔ ون ڈے میچز 7، 9 اور 11 نومبر کو ہوں گے۔ ابوظہبی دو اور دبئی ایک ون ڈے کی میزبانی کرے گا۔ پہلا ٹیسٹ 16 نومبر سے ابوظہبی میں ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ دبئی میں 24 نومبر سے اور تیسرا 3 دسمبر سے کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ اے 12، 15، 17 اکتوبر کو آئی سی سی اکیڈمی میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ 21، 24، 26 اکتوبر کو پاکستان اے اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان تین ون ڈے نرسری اوول ابوظبی میں ہوں گے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان پہلا چار روزہ میچ 30 اکتوبر سے دو نومبر تک آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں ہوگا۔ دوسرا چار روزہ میچ 6 سے 9 نومبر تک نرسری اوول ابوظبی میں کھیلا جائے گا۔ نومبر میں انگلینڈ لائینز پاکستان اے کے خلاف سیریز کھیلے گی۔ واحد چار روزہ میچ 18 سے 21 نومبر کو نرسری اوول ابوظہبی میں ہوگا۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More