کورنگی میں متحدہ – پی ٹی آئی نمائندے لڑ پڑے

0

کراچی( رپورٹ:محمدنعمان اشرف) ضلع کورنگی میں متحدہ کا وائس چیئرمین تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے لڑ پڑا ، پی ٹی آئی کے 3ارکان اسمبلی حلقہ کی صفائی ستھرائی کے مسائل پر بات کرنے گئے تھے ۔چیئرمین کی عدم موجودگی پر تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان وائس چیئرمین کے دفتر میں گھسنے کی کوشش کرتے رہے ۔متحدہ چیئرمین نے اتحادیوں پر دھمکیوں ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام لگا دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے منتخب ارکان اسمبلی فہیم خان ، راجہ اظہر اور عدیل بدھ کے روز علاقائی مسائل پر بات چیت کے لئے بلدیہ کورنگی کے دفتر پہنچے ۔ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے 2درجن سے زائد کارکنان بھی تھے۔دفتر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ چیئرمین ضلع کورنگی نیئر رضا دفتر میں موجود نہیں ،اس پر ضلعی دفتر میں موجود افراد کی جانب سےتحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو دوسرے کمرے میں بیٹھنے کا کہا گیا ،جس پر انہوں نے انکار کرتے ہوئے چیئرمین کو بلانے کا مطالبہ کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ضلعی چیئرمین کے دفتر میں داخل ہوئے جہاں ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس جاری تھا ۔ وائس چیئرمین احمر علی نے تحریک انصاف رہنماؤں کو دوسرے کمرے میں بیٹھنے کا کہا ،تاہم تحریک انصاف رہنماؤں نے دفتر سے باہر جانے سے انکار کیا اور اسی دوران تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اور متحدہ کے بلدیاتی نمائندوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور ایک دوسرے کو مغلظات سے بھی نوازا گیا ۔ اس حوالے سے ‘‘امت ’’سے بات کرتے ہوئے راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ ہم ضلع میں موجود کچرے کی شکایت لیے ضلع کورنگی کے چیئرمین سے ملاقات کے لئے ڈی سی آفس پہنچے تو معلوم ہوا کہ ضلعی چیئرمین نیئر رضا دفتر میں موجود نہیں تاہم وائس چیئرمین کی موجود گی پر ہم ان سے ملاقات کے لئے ان کے دفتر پہنچے ، دفتر میں ایک اجلاس جاری تھا اور ہمیں دفتر سے باہر جانے کا کہا گیا ، ہم نے فیصلہ کیا کہ تمام لوگ باہر چلے جاتے ہیں ،تاہم رکن قومی اسمبلی فہیم خان دفتر میں موجود رہیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی بات چیت کا سلسلہ جاری تھا کہ وائس چیئرمین آپے سے باہر ہوگئے،جس پر دونوں جانب سے تلخ جملوں کاسلسلہ شروع ہوا۔ دوسری جانب ضلع کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی و صوبائی اسمبلی اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے 25سے زائد کارکنان نے ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین احمر علی کو ان کے دفتر میں زدوکوب کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وائس چیئرمین اس دوران مشتعل ہونے کے بجائے تحمل مزاجی سے معاملے کو سنبھالنے کی کوشش کرتے رہے،نیئر رضا نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے اس گروہ نے دفتر میں موجود سرکاری ملازمین سے انتہائی بدتمیزی کا رویہ اپنایا اورسامان پھینک دیا۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ سب منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے تاہم ہم نے یہ سارا معاملہ متحدہ قومی موومنٹ کی اعلیٰ قیادت کے سامنے رکھ دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More