صحت کے شعبے میں این جی اوز کا تعاون اہم ہے-عذرا پیچوہو
کراچی(خبر ایجنسیاں) صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا افضل پیچوہو نے کہا کہ مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں غیر سرکاری تنظیموں کا تعاون بہت اہم ہے، جو محکمہ صحت کیساتھ مل کر سندھ میں صحت کی فراہمی میں مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔ سول اسپتال کے دورے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے بہتر علاج کیلئے سندھ کے اسپتالوں میں مراکز قائم کئے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے این جی اوز کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے این جی اوز سے کہا کہ وہ آگے آ کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں میں بیماریوں کے خاتمے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے، تاہم اس میں توسیع کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے محنت کررہے ہیں۔ اس موقع پر ایم ایس سول اسپتال اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا اور مریضوں سے مسائل دریافت کئے اور انکے فوری حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔