غیر قانونی ڈلیوری کرا کے بچے فروخت کرنے والی خاتون گرفتار

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال پولیس نے نجی اسپتال میں کارروائی کر کے خاتون اور مرد کو گرفتار کرتے ہوئے نومولود برآمد کرالیا۔ ملزمہ صفورا میں غیر قانونی ڈلیوری کرا کے بچے فروخت کرتی تھی۔ تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے ہاجرہ میموریل اسپتال میں کارروائی کے دوران خاتون ماہ جبین اور زاہد کو گرفتار کرکے نومولود بچے کو بازیاب کرلیا اور ملزمان کیخلاف مقدمہ الزام نمبر 386/18 درج کرلیا۔ مقدمے کے مدعی فراز احمد نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ وہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب گلشن اقبال بلاک 2میں واقع قاسم کمپلیکس میں اپنے فلیٹ کے نیچے بیٹھا ہوا تھا کہ اسکے اوپر والی منزل پر رہائش پذیر خاتون ماہ جبین ایک نومولود بچے کو لے کر آئی اور اپنے فلیٹ میں چلی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ جبین غیر شادی شدہ ہے ۔مجھےاسکے پاس بچے کو دیکھ کر تشویش ہوئی جس پر فلیٹ کے دیگر افراد کو بھی بلایا اور تھوڑی دیر بعد ہی ماہ جبین نے ”اوبر “ کی گاڑی بک کی اور بچے کو گاڑی میں لے کر چلی گئی جس پر ہم لوگوں نے فوری طور پر ”اوبر “ کے ڈرائیور سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ وہ ہاجرہ میموریل اسپتال میں ہے، جسکے بعد میں اور فلیٹ کے دیگر افراد مذکورہ اسپتال پر پہنچے اورماہ جبین سے بچے کے حوالے سے معلومات لی تو اس نے بتایا کہ اسکو بچہ سڑک سے پڑا ہوا ملا ہے، جس پرہم نے خاتون پر دباؤ ڈالا تو اس نے کہا کہ یہ ناجائز بچہ ہے، میں نے اسکی ڈلیوری صفورا کے قریب ایک گھر میں کی ہے اور بچے کے ماں باپ اسے نہیں رکھ رہے، جسکے بعد میں بچے کو اپنے گھر لے آئی تھی اور طبعیت خراب ہونے پر اب اسے اسپتال لائی ہوں ۔فلیٹ کے دیگر افراد نے ماہ جبیں سے بچے کے باپ کو بلانے کا کہا تو اس نے زاہد نامی نوجوان کو بلایا، جس نے ہمیں بتایا کہ اسکی ایک لڑکی سے دوستی تھی اور انکےناجائز تعلقات تھے اور یہ بچہ اسکا ہے لیکن وہ اسے اپنے گھر میں نہیں رکھ سکتا، اس لیے میں نے یہ بچہ ماہ جبین کو دے دیا ہے۔ ہم لوگوں نے فوری مقامی پولیس کو اطلاع دی، جس نے ماہ جبین اور زاہد کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او اخلاق احمد نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ملزم زاہد کا کہنا ہے کہ وہ بچے کا باپ ہے اور اس نے ہی ماہ جبین کے ذریعے صفورا کے قریب ڈلیوری کروائی تھی ، پولیس نے بچہ ایدھی کے حوالے کردیا اور ماہ جبین سے تفتیش کی جارہی ہے کہ وہ کتنی خواتین کی ڈلیوری کرچکی ہے اور ناجائز بچوں کو کہاں کہاں فروخت کیا ہے،ماہ جبیں کی نشاندہی پر ناجائز بچے خریدنے والے افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More