پولیس اہلکاروں کے 7رشتہ داروں کے مبینہ اغواکے بعد سیکورٹی ہائی الرٹ
لاہور(نمائندہ امت) مقبوضہ کشمیرمیں نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے جنوبی کشمیرمیں پولیس اہلکاروں کے سات رشتہ داروں کے مبینہ اغواکے بعد قابض انتظامیہ نے سیکورٹی ہائی الرٹ کردی ہے مغویوں کی بازیابی کیلئے بڑے آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیاہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے مقامی پولیس سے بالواسطہ یا بلاواسطہ طورپر وابستہ سات افراد کو اغواکرلیا ہے جن میں ضلع کولگام کے علاقے آرونی کے ایک پولیس اہلکارکا بیٹا زیر احمد بھی شامل ہے۔اغواہونیوالوں میں آ رونی سے پولیس اہلکار کا بھائی عارف احمد،کولگام کے علاقے خار پورہ سے پولیس اہلکار کا بیٹا فیضان احمد ، کولگام کے علاقے یاری پورہ سے پولیس اہلکار کا بیٹا ثمراحمد راتھر، کولگام کے علاقے کاتا پورہ سے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اعجاز احمدملک کا بھائی گوہر احمد ملک ، ترال کے علاقے پنگلش سے پولیس اہلکار رفیق احمد راتھر کا بیٹا آصف رفیق راتھر شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح افراد نے پلوامہ کے گاؤں کنگن سے پولیس کانسٹیبل ظہور احمد زرگر کے بھائی شبیر احمد زرگر، کاکہ پورہ سے پولیس اہلکار نذیر احمد میر کے بھائی محمد شفیع میر اور شوپیاں سے یاسر احمد بٹ کے بیٹے بشیر احمد بٹ کو بھی اغواکیا ہے۔