دو منصوبوں کیلئے2 کروڑ ڈالر جاپانی امداد کا اعلان
اسلام آباد(امت نیوز)جاپان نے ملتان میں موسم کی نگرانی کے لیے ریڈاراور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اسکالر شپ کیلئے2 کروڑ 13 لاکھ60 ہزار ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے جاپانی سفیر تاکاشی کورائی اور ایڈیشنل سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن احمد حنیف اورکزئی نے یہاں تقریب میں معاہدے پر دستخط کئے، اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر بھی موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے جاپان کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور کازوکی ناکانے نے ملاقات کی اور اپنی قیادت کی جانب سے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ جاپانی وزیرِاعظم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔اس موقع پر عمران خان نے بھی جاپان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور انسانی ترقی کے شعبوں میں کام کرنا چاہتا ہے،وزیرِاعظم عمران خان نے جاپانی ہم منصب شنزو ایبے کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔علاوہ ازیں جاپانی وزیر مملکت نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے جاپان کو پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور تمام سیکٹرز میں جاپانی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔جاپانی وزیر مملکت نے بتایا کہ مشترکہ حکومتی کاروباری مذاکرات کا دوسرا مرحلہ رواں سال منعقد ہوگا۔