لبیک مارچ کے 2شہدا آبائی علاقوں میں سپردخاک
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی) تحریک لبیک پاکستان کے لانگ مارچ کے دوران حادثے میں شہید ہونے والے دونوں افراد کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ کھاریاں ضلع گجرات کے 65 سالہ بزرگ حافظ غلام رسول کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری کے فرزند عثمان افضل قادری نے پڑھائی، جس میں اہل علاقہ کے علاوہ تحریک لبیک کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شیخوپورہ کے رہائشی 38 سالہ رمضان علی ولد نذیر احمد کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ جمعرات کے روز تحریک لبیک پاکستان کے لبیک یا رسول اللہ ﷺ لانگ مارچ کے دوران ٹرالر حادثے میں دو افراد شہید، جبکہ چار زخمی ہو گئے تھے۔حارثے میں شدیدزخمی ہونے والے اسد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال فوارہ چوک راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دیگرمعمولی زخمی علاج معالجے کے بعد اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں ۔