ضمنی الیکشن میں آئی ووٹنگ کیلئے اوورسیزکی رجسٹریشن شروع
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )الیکشن کمیشن نےضمنی انتخابات میں آئی ووٹنگ کے ذریعے حق رائے دہی کے استعمال کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے – 15 ستمبر رات12بجے تک رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی فہرستوں میں رجسٹرڈ افراد ہی آئی ووٹنگ کیلئے رجسٹرڈ ہوں گے اور انہیں نائیکوپ نمبر، ای میل اور دیگر تفصیلات درج کر کے سائن اپ کرنا ہوگا۔آن لائن ووٹنگ سسٹم کے ذریعے ای میل پر تصدیقی پن کوڈ موصول ہوگا، پن کوڈ کے اندراج پر ووٹر کو تصدیق کا تکمیلی پیغام بھیجا جائے گا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ ووٹنگ کے وقت ووٹر اپنا ای میل، پاس ورڈ درج کرے گا اور تصدیقی سوالات کے جواب دینے پر نام آن لائن ووٹنگ کیلئے درج ہو جائیگا۔اس نظام کے تحت سمندر پار ووٹر پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 تا شام 5بجے ووٹ ڈال سکیں گے۔ طریقہ کار کے مطابق ووٹر اپنے امیدوار کے نام کے بٹن کو پریس کرے گا اور کنفرم پر کلک کرے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانی 15ستمبر کی رات 12بجے تک رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نایئکوپ اور مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے حامل افراد ہی رجسٹریشن کروا سکیں گے۔واضح رہے کہ 17اگست کو سپریم کورٹ نے ضمنی الیکشن میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی تھی۔