وزیر اعظم نے پنجاب سے کرپشن کا خاتمہ بڑا چیلنج قرار دے دیا

0

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں بدعنوانی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔وزیر اعلی سیکرٹریٹ لاہور میں پنجاب کے صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان کو اپنے قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آبادی کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے ناطے انکے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں کیلئے مثال ہونی چاہیئے۔ کابینہ ارکان کیساتھ مختلف اصلاحات پر بحث کرتے ہوئے اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب میں بلدیاتی نظام کی تبدیلی اور اورنج لائن منصوبے کے آڈٹ کی منظوری بھی دی۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کابینہ ارکان کرپشن کی نشاندہی کو اپنی اولین ترجیح بناتے ہوئے کرپٹ عناصر کیخلاف سخت کارروائی کریں۔وزیر اعظم نے پنجاب میں بالعموم اور لاہور میں بالخصوص اراضی ہتھیانے اور تجاوزات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اراضی ہتھیانے اور تجاوزات میں ملوث بڑے مافیاز اور گروپوں کے خلاف کارروائی کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو تجاوزات اور اراضی ہتھیانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی اور اس سلسلے میں پنجاب حکومت کو اپنی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے بچت اور سادگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ ارکان غیر ضروری اخراجات کم کر کے دوسروں کے لئے ایک مثال قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے کیونکہ پاکستان خطے میں انسانی ترقی کے انڈیکس میں کم ترین سطح پر ہے۔وزیراعظم نے صوبائی کابینہ پر زور دیا کہ وہ موجودہ حکومت کے 100 روزہ ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے انتھک محنت کریں تاکہ لوگوں کی سماجی و اقتصادی زندگی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ تسلسل کے ساتھ صوبے کا دورہ کریں گے اور پہلے 100 روزہ ایجنڈے کی خود نگرانی کریں گے۔ کابینہ ارکان نے اپنے محکموں سے متعلق وزیراعظم کے ساتھ خیالات اور تجاویز کا تبادلہ کیا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پر پہنچنے پر وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ لاہور میں ایک پودا بھی لگایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More