اغوا کار – قاتل کو عمر قید – مقابلے پر 3 کو 34 برس جیل
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت اور ماتحت عدالتوں نے اغوا برائے تاوان، قتل، پولیس مقابلے اور بارودی مواد برآمدگی کے مقدمات میں 2 مجرموں کو عمر قید، 3 کو 34 برس اور ایک مجرم کو 29 برس جیل کی سزا سنائی ہے۔مجرموں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ،جب کہ 2 ملزمان کا ریمانڈ دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد انور جتوئی کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔سماعت پر ملزم محمد انور جتوئی کو پیش کیا گیا۔گزشتہ سماعت پر وکلا طرفین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔خصوصی عدالت نے پولیس مقابلہ ، اقدام قتل ، دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سے متعلق مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر مجرم سید ریحان زیدی عرف علی بوڑھا کو مجموعی طور پر 29 سال قید کی سزا کا حکم دے دیا۔عدالت نے مجرم پر مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔خصوصی عدالت نے پولیس مقابلہ ، اقدام قتل ، دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سے متعلق مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر 3 مجرمان فرحان دانش ،ذیشان خان اور کاشف جیلانی کو مجموعی طور پر 34 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے مجرموں پر فی کس 2،2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ دریں اثنا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت نے قتل سے متعلق مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر مجرم شوکت بروہی کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔عدالت نے مجرم کو ایک لاکھ روپے مقتول ایاز شاہ کے قانونی ورثا کو بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے نومولود بچے کے اغوا کے الزام میں گرفتار 2 ملزمان ماہ جبین اور زاہد کو 3 ستمبر تک ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔