پولیس افسران سمیت 6افراد مارنے والے 2متحدہ دہشت گرد گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تیموریہ پولیس نے بفرزون میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس افسران واہلکار سمیت 6 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث متحدہ لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق تیموریہ پولیس نے بفرزون کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز اویس عرف شاہ اور عابد عرف نانا کو گرفتارکرکے قبضے سے کلاشنکوف اور رپیٹر برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلرز اویس عرف شاہ اور عابد عرف نانا نے سب انسپکٹر مجید آغا شفیع، پولیس کانسٹیبل نظیر اور اے ایس آئی عارف سمیت 6 افراد کو گولیاں مار کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ کا دعویٰ ہے کہ دونوں ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، گرفتار ٹارگٹ کلرز نے دوران تفتیش بتایا کہ 2011 اور 2012 میں ساتھی ملزمان عمیر، اویس اور آصف کے ساتھ ملکر پاور ہاؤس کے سامنے خواجہ اجمیر نگری ہیڈ کوارٹر کی طرف جاتے ہوئے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار سب انسپکٹر عبدالمجیدکو فائرنگ کرکے جاں بحق کیا۔ 2012 میں ساتھی ملزمان عمیر، اویس اور آصف کے ہمراہ موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر پولیس چوکی نیو رشید آباد سیکٹر 4/A خواجہ اجمیر نگری پر پولیس اہلکار ملک نذیر کو فائرنگ کرکے جاں بحق کیا۔ گرفتار ٹارگٹ کلرز نے بتایا کہ 2012 کے آخر میں ساتھی ملزمان عمیر اور اویس نے بلال کالونی سیکٹر 7/A روڈ پر فائرنگ کرکے رشید عرف کالا نامی شخص کو ذاتی دشمنی پر قتل کیا تھا۔ مقتول نجی فیکٹری میں سیکورٹی گارڈ تھا۔ ملزمان نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ 2012 کے آخر میں دیگر ملزمان عابد،سلمان اور آصف کے ساتھ ملکر کے ڈی اے چورنگی سے ضیا الدین کی طرف نعمت اللہ خان کے بنگلے کے سامنے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار سب انسپکٹر آغا شفیع کو جاں بحق کیا، اور واردات کے بعد نیو کراچی سیکٹر 5C4 چلے گئے تھے۔ ملزمان نے بتایا کہ سال 2015 میں احسن آباد معمار موڑ کی چڑھائی پر ساتھی ملزمان عابد، آصف اور سلمان کے ساتھ ملکر موٹر سائیکل پر اے ایس آئی عارف بیگ کو گولی مار کر جاں بحق کیا اور واردات کے بعد واپس نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر آکر ہوٹل پر بیٹھ گئے۔ پولیس نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے مزید بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی ہدایت متحدہ لندن کی جانب سے آتی تھی، جبکہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے احکامات ان کا ایک ساتھی آصف لے کر آتا تھا اور اویس ہمیں ہدایت دیتا تھا، ملزمان نے بتایا کہ آصف کی جانب سے خاص یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اگر ہم پکڑے بھی گئے تو پارٹی ہمیں چھڑوائے گی، ملزمان نے بتایا کہ وہ اپنا خرچہ چلانے کے لئے نیو کراچی، خواجہ اجمیر نگری، تیموریہ اور نارتھ کراچی کے علاقوں میں گھروں میں ڈکیتیاں اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار دونوں ٹارگٹ کلرز اس سے قبل بھی خواجہ اجمیر نگری اور ڈیفنس تھانے میں بند ہوکر جیل جاچکے ہیں، تاہم پولیس نے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے ،جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔