خونی گاڑیوں نے خاتون و نوجوان سمیت 5 افراد کچل دئیے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں تیز رفتار گاڑیوں نے خاتون اور نوجان سمیت 5 افراد کو کچل دیا، جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پرانا گولیمار بڑا بورڈ پر واقع کمال پمپ کے قریب سڑک عبور کرنے والے 65سالہ چاند محمد ولد عبدالستار کو تیز رفتار گاڑی نے روند دیا ، جسے تشویشناک حالت میں عباسی اسپتال لایا گیا، جہاں اس نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ پاک کالونی پولیس کے مطابق متوفی اسی علاقے کا رہائشی تھا۔ کورنگی کے علاقے ڈیڑ ھ نمبر پر واقع ٹوٹل پمپ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 23سالہ طلحہ ولد سلیم موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی کورنگی کا رہائشی تھا۔ پیر آباد کے علاقے بنارس پل پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے، جنہیں عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 27 سالہ صائمہ زوجہ الطاف نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا، جبکہ 33 سالہ الطاف ولد عتیق محمد زیر علاج ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جوڑا گلشن ضیا کالونی،اورنگی کا رہائشی ہے۔ موچکو کے علاقے ناردرن بائی پاس لکی چڑھائی کے قریب بھاری گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکلوں پر سوار 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ایمبولینس کے رضا کاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں متوفیوں کی شناخت 50 سالہ خرم ولد سکندر اور 35 سالہ یوسف ولد عبدالرحیم جبکہ زخمیوں کی24 سالہ واجد ولد شوکت اور 35 سالہ یاسر ولد عبدالغفور کے نام سے ہوئی ہے۔