کراچی(رپورٹ/محمد نعمان اشرف)میئر کراچی نے کارکردگی دکھانے کے لیے انسداد تجاوزات کی کارروائیاں تیز کردیں۔زیادہ تر کارروائیاں انہی مقامات پر کی گئیں، جہاں پہلے بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا تھا۔ایک ہی دن میں کورنگی، شارع فیصل سمیت 7 مقامات پر آپریشن کیا گیا۔لیاقت آباد اور کریم آباد میں ٹیم پر پتھراؤ کیا گیا۔رشوت وصولی اور تجاوزات لگوانے پر 2ڈپٹی ڈائریکٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی کراچی آمد کے ساتھ ہی میئرکراچی نے کارکردگی دکھانی شروع کردی۔گزشتہ 2ہفتوں سے شہر میں اینٹی انکروچمنٹ عملے نے تجاوزات کے خلاف کہیں آپریشن نہیں کیا، تاہم چیف جسٹس کی آمد پر انسداد تجاوزات عملہ پھرتی دکھانے لگا۔پیر کو علی الصبح عملے نے کورنگی سیکٹر 44 رینجرز گراؤنڈ میں کارروائی کرکے 6 چائنا کٹنگ کے گھر مسمار کردیئے، تاہم کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔کارروائی کے وقت ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی اور ڈائریکٹر کورنگی مسرت علی بھی موجود تھے۔دوسری کارروائی بشیر صدیقی کی نگرانی میں شارع فیصل پر کی گئی، جہاں شارع فیصل پر لگنے والے ٹھیلے و کیبن ضبط کرلیے گئے۔انسداد تجاوزات عملے نے گلستان جوہر میں گرین بیلٹ پر کارروائی کرکے غیر قانونی ہوٹل مسمار کردیے۔مذکورہ ہوٹل کی کرسیاں، میزیں و دیگر سامان انکروچمنٹ عملے نے ضبط کرلیا۔ آپریشن میں ڈپٹی ڈائریکٹرز ریحان اور کامران سمیت علاقہ پولیس نے بھی حصہ لیا۔انکروچمنٹ عملے نے لیاقت آباد ڈاکخانہ برج کے نیچے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا، تو قبضہٰ مافیا نے ٹیم پر پتھراؤ کردیا، جس سے عملے کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔عملے نے کشمیر کمپلیکس چائنا گراؤنڈ پر ٹینکر مافیا اور دیگر کے خلاف کارروائی کرکے ٹینکر مافیا کو مذکورہ گراؤنڈ سے ہٹا دیا، جب کہ چائنا گراؤنڈ سے کیبن،پتھارے و دیگر سامان ضبط کرلیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سعید کی زیر نگرانی عملے نے کریم آباد مینا بازار پر کارروائی کرکے ٹھیلے، پتھارے،کیبن چھپرے سمیت ہوٹل کی کرسیاں اور دیگر سامان ضبط کرلیا۔اینٹی انکروچمنٹ عملے نے عائشہ پارک کے اطراف بھی کارروائی کرکے ہوٹلز کا سامان ضبط کرلیا۔امت کو ڈائریکٹر انکروچمنٹ بشیر صدیقی نے بتایا کہ گزشتہ 2ہفتوں سے میئر کراچی ہماری کارکردگی پر مایوس تھے، جس پر شہر میں بڑے پیمانے پر آپریشن کا اغاز کیا۔کورنگی سیکڑ 44میں چائنہ کٹنگ کے گھر بنانے میں کون ملوث ہے۔ ابھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ لیاقت آباد اور کریم آباد پر قبضہ مافیا نے ٹیم پر پتھراؤ کیا، جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کارروائی کے بعد تجاوزات دوبارہ سے قائم کردی جاتی ہے، تاہم شکایت کی صورت میں ہم 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز عقیل احمد اور ندیم کو معطل کررہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے اطراف آپریشن مزید تیز کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔