کے الیکٹرک نے اربوں کمائے-بچوں کا تاحیات خرچہ اٹھائے-گورنر سندھ

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) گورنر سندھ نے بجلی کی تاروں سے بچوں کے معذور ہونے کے واقعہ کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو قرار دیتے ہوئے معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ بجلی کمپنی بچوں کا تاحیات خرچہ اٹھائے۔عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے شہر سے اربوں کمائے ہیں۔ اب سے کچھ واپس بھی کرنا ہوگا۔کمپنی انتظامیہ فوری طور پر پیکج کا اعلان کرے اور دونوں معذور بچوں کے علاج اور تعلیم کا مکمل خرچہ برداشت کرے۔وزیراعلی سندھ کو بھی چاہئے کہ معاملے کا نوٹس لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سول اسپتال کے برنس سینٹر میں احسن آباد میں تا ر گرنے کے واقعہ میں زخمی ہونے والے 8 سالہ عمر کی عیادت کے بعد اس کے والدین اور دادی سے ملاقات کے دوران کیا،سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر توفیق بھی موجود تھے ۔برنس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر احمر نے گورنر سندھ کو عمر کے علاج کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔گورنر سندھ نے سول اسپتال کے حکام کو ہدایت کی کہ عمر کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولیات یقینی بنائی جائے ۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مقدمہ ملازمین کے بجائے ایم ڈی کے الیکٹرک کیخلاف درج ہونا چاہیئے تھا۔ اس سے قبل گورنر سندھ نے ایک ماہ قبل بجلی کے تاروں سے زخمی ہونے والے 11سالہ بچے حارث کی عیادت کی اور اس کی والدہ سے ملے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ حادثات دنیا بھر میں ہوتے ہیں لیکن ذمہ دار ادارہ ازخود آگے بڑھ کر ان کے ازالہ اور مستقبل میں روک تھام کے اقدامات کرتا ہے ۔عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ عمر کو اپنے اوپر گذرنے والی قیامت صغریٰ کا اندازہ نہیں وہ اب بھی بڑا ہوکر آرمی چیف بننا چاہتا ہے ، اسپتال انتظامیہ کو دونوں بچوں کے علاج معالجہ کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More